کیینا: مسافر گاڑی پر مسلح افراد کی اندھا دھند فائرنگ، 6 افراد ہلاک، 10 شدید زخمی

نیروبی: (ویب ڈیسک) کینیا کے سرحدی علاقے میں مسافر گاڑی پر مسلح افراد کے حملے کے نتیجے میں کم از کم 6 افراد ہلاک جبکہ 10 زخمی ہوگئے۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ یہ حملہ کینیا کے ضلع منڈیرا میں صومالیہ کی سرحد کے قریب پیش آیا، جہاں مشتبہ الشباب جنگجوؤں نے 14 نشستوں والی مسافر گاڑی کو نشانہ بنایا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حکام کا کہنا ہے کہ حملہ منڈیرا شہر سے تقریباً 8 کلومیٹر دور بیئر، اوایون گاؤں کے قریب دوپہر کے وقت ہوا، جب مسلح افراد نے گاڑی کو روک کر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

منڈیرا کاؤنٹی کے پولیس کمانڈر رابنسن اینڈیوا کے مطابق گاڑی منڈیرا شہر سے عربیہ کے علاقے کی جانب جا رہی تھی اور مسافروں میں ایک ہی خاندان کے افراد شامل تھے جو ایک مذہبی تقریب میں شرکت کے لیے سفر کر رہے تھے۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی جبکہ سکیورٹی اہلکار حملہ آوروں کی تلاش میں مصروف ہیں جن کے بارے میں خیال ہے کہ وہ صومالیہ کی سرحد کی جانب فرار ہوگئے۔

اگرچہ اب تک کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی، تاہم سکیورٹی حکام کو شبہ ہے کہ کارروائی شدت پسند تنظیم الشباب نے کی ہے جو اس سرحدی علاقے میں ماضی میں بھی متعدد حملوں میں ملوث رہی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں