ایران سے جنگ: امریکی ریاست کیلیفورنیا کو بڑھتی توانائی قیمتوں کا سامنا
کیلیفورنیا: (دنیا نیوز) امریکی ریاست کیلیفورنیا کو ایران جنگ کے باعث بڑھتی توانائی قیمتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا۔
امریکا کی سب سے زیادہ آبادی والی ریاست کیلیفورنیا میں پٹرول کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جبکہ ایران جنگ اور آبنائے ہرمز کی ممکنہ بندش نے توانائی بحران کے خدشات کو بڑھا دیا ہے۔
اٹلانٹک کونسل کے گلوبل انرجی سینٹر کے سینئر فیلو بین کاہل نے عالمی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کیلیفورنیا میں پہلے ہی امریکا بھر میں پٹرول کی قیمتیں سب سے زیادہ ہیں، اس صورتحال کی بڑی وجوہات ریاستی پالیسیاں، بھاری ٹیکسز اور سخت ضوابط ہیں، جنہوں نے توانائی کے شعبے پر اضافی دباؤ ڈال رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ریاست میں کئی آئل ریفائنریز بند ہو چکی ہیں، جس کے باعث ریفائنری مالکان کے لئے کاروبار جاری رکھنا مزید مشکل ہو گیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ کیلیفورنیا کے شہری پہلے ہی مہنگائی کے عادی ہو چکے ہیں لیکن ایران جنگ اور آبنائے ہرمز کی بندش نے گزشتہ چند مہینوں میں صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے جس کے باعث پٹرول کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔