آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی کیلئے مزید بحری جہازوں کی ضرورت ہوگی، کایا کالاس
برسلز: (دنیا نیوز) یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کایا کالاس نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جنگ کے خاتمے کے بعد آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی کو یقینی بنانے کیلئے مزید بحری جہازوں کی ضرورت ہوگی۔
اپنے بیان میں کایا کالاس کا کہنا تھا کہ اس مقصد کیلئے یورپی ممالک کے مزید بحری جہاز شامل کیے جائیں گے جبکہ موجودہ یورپی بحری مشن کے دائرہ کار کو بھی وسعت دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اضافی ضروریات کے پیش نظر آپریشنل منصوبوں میں تبدیلی کی جا سکتی ہے، جن میں بارودی سرنگیں صاف کرنے والے خصوصی بحری جہاز بھی شامل ہو سکتے ہیں، سب سے زیادہ ضرورت مزید جہازوں کی ہے، ایک اضافی بحری جہاز جلد آپریشن میں شامل ہوگا۔
کایا کالاس کے مطابق بحیرہ احمر میں یورپی یونین کا بحری مشن ایسپائیڈز کہلاتا ہے، جو یونانی زبان کے لفظ ڈھال سے ماخوذ ہے، اس مشن میں اس وقت 3 بحری جہاز شامل ہیں جو یمن کے حوثی باغیوں کے حملوں سے تجارتی جہازوں کے تحفظ کیلئے تعینات ہیں۔
یاد رہے کہ یورپی یونین نے رواں سال کے آغاز میں ایسپائیڈز مشن کی مدت آئندہ فروری کے اختتام تک بڑھا دی تھی، جبکہ اس کیلئے مزید ڈیڑھ کروڑ یورو کی اضافی فنڈنگ بھی منظور کی گئی تھی۔