یوم روس پر کریملن میں پروقار تقریب، صدر پوتن نے قومی اعزازات تقسیم کئے

ماسکو: (شاہد گھمن) یومِ روس کے موقع پر کریملن کے عظیم الشان جیورجی ہال میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں روسی صدر ولادیمیر پوتن نے 2025 کے ریاستی انعامات اور ’’ہیرو آف لیبر‘‘ کے طلائی تمغے ملک کی نمایاں شخصیات میں تقسیم کیے۔

یہ روایتی تقریب سائنس و ٹیکنالوجی، ادب و فنون، انسانی حقوق اور فلاحی خدمات کے شعبوں میں غیر معمولی کارکردگی دکھانے والے افراد کے اعزاز میں منعقد کی گئی۔

اعزاز حاصل کرنے والوں میں روس کی معروف اداکارہ مرینا نییولوا، نامور فلم ساز آندرے کونچالوفسکی، ماسکو اسٹیٹ یونیورسٹی کے ریکٹر وکٹر سادوونچی، سابق کمشنر برائے انسانی حقوق تاتیانا موسکالکووا اور سینٹ الیکسی اسپتال کے چیف فزیشن الیکسی زاروف شامل تھے۔

صدر پوتن نے اپنے خطاب میں کہا کہ روس کی ترقی، سائنسی کامیابیوں، ثقافتی ورثے اور سماجی استحکام میں ان شخصیات کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست ان افراد کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے جو اپنی صلاحیتوں اور محنت سے ملک کی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔

تقریب کے دوران سائنس اور ٹیکنالوجی، ادب و فنون، انسانی حقوق اور فلاحی سرگرمیوں کے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والے متعدد ماہرین، محققین اور سماجی کارکنوں کو بھی ریاستی اعزازات سے نوازا گیا۔

یومِ روس کے موقع پر منعقد ہونے والی یہ تقریب ہر سال کریملن میں منعقد کی جاتی ہے اور اسے روس کے اہم ترین سرکاری اعزازات کی تقریب سمجھا جاتا ہے، جس میں ملک کی ممتاز شخصیات کی قومی خدمات کا اعتراف کیا جاتا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں