پاک سعودیہ تعلقات امتِ مسلمہ کی قوت کا سرچشمہ ہیں: مولانا فضل الرحمان
اسلام آباد: (دنیا نیوز) سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات امتِ مسلمہ کی قوت کا سرچشمہ ہیں، اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا رابطۂ عالمِ اسلامی کے زیرِ اہتمام پاکستانی علمائے کرام کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات ایمان، اخوت اور مشترکہ اسلامی مفادات پر قائم ہیں اور دونوں ممالک کا برادرانہ رشتہ امتِ مسلمہ کے لیے قوت کا سرچشمہ ہے۔
اجلاس میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی، رابطۂ عالمِ اسلامی کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ، مفتی تقی عثمانی، مولانا حنیف جالندھری سمیت ملک بھر کے جید علمائے کرام نے شرکت کی۔
اُنہوں نے معزز مہمانوں اور علمائے کرام کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ رابطۂ عالمِ اسلامی امتِ مسلمہ کے اتحاد، اعتدال اور رواداری کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے جب کہ شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کی پاکستان آمد خوش آئند اور باعثِ مسرت ہے۔
سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ امتِ مسلمہ کے مشترکہ مسائل کا حل اتحاد، اعتدال اور باہمی تعاون میں مضمر ہے جب کہ علماء کا اتحاد امت کے استحکام اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلامی اخوت اور باہمی تعاون آج کے دور کی اہم ترین ضرورت ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی اس بابرکت علمی اجتماع کے انعقاد میں کاوشوں کو بھی سراہتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی تاریخ، عقیدے اور بھائی چارے پر استوار ہے اور ان شاء اللہ مستقبل میں مزید مضبوط ہوگی۔
اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صحت، سلامتی اور درازیٔ عمر، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی کامیابی، جبکہ مملکتِ سعودی عرب کے امن، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔