20 ستمبر کا لانگ مارچ ملکی سیاست کا رخ بدل دے گا: حافظ نعیم الرحمٰن
تیمرگرہ:(دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ 20 ستمبر کا لانگ مارچ ملکی سیاست کا رخ بدل دے گا۔
پٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی نے تیمرگرہ میں جماعت اسلامی نے جلسہ عام کا انعقاد کیا، حافظ نعیم الرحمٰن جلسہ گاہ پہنچے تو کارکنوں اور شرکا کی جانب سے ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
اس موقع پر نعرے بازی بھی کی گئی، حافظ نعیم الرحمٰن نے جلسے کے بھرپور انعقاد پر پارٹی قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اجتماع چند ہی گھنٹوں میں جلسہ عام میں تبدیل ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں: پٹرولیم لیوی کیخلاف جدوجہد سے حکومت ریلیف دینے پر مجبور ہوئی: حافظ نعیم
اُن کا جلسے کے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 20 ستمبر کا لانگ مارچ سیاست کا رخ بدل دے گا۔
امیر جماعت اسلامی نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پہلے سے حالات سمجھ جاؤ، ہم آئے تو تمہارے پاس کچھ نہیں بچے گا، آج بٹ خیلہ کا دھرنا بڑے جلسے میں تبدیل ہوگیا، جبکہ سندھ، خیبر پختونخوا، پنجاب اور بلوچستان میں بھی دھرنے اور احتجاج جاری ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے پوری قوم کو ایک لڑی میں پرو دیا ہے اور عوام کے حقوق کے لیے میدان میں نکلی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ حکومت سود کم کرنے کی بات پر آئی ایم ایف کی ناراضی کا خوف دلاتی ہے، لیکن آئی ایم ایف کے ڈر سے اللہ اور رسول ﷺ سے جنگ کی جا رہی ہے، محض سود کی شرح میں معمولی کمی سے بھی قومی خزانے کے اربوں روپے بچائے جا سکتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے الزام عائد کیا کہ بینکوں کے مافیاز، چینی، آٹا اور آئی پی پیز مافیا آپس میں ملے ہوئے ہیں اور قوم کے خون پسینے کی کمائی سے ان مافیاز کو پالا جا رہا ہے، ایسے مافیاز تمام سیاسی جماعتوں میں موجود ہیں، یہ کسی ایک جماعت کا مسئلہ نہیں۔
حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ دیگر سیاسی جماعتوں کے کارکن بھی اب جماعت اسلامی کی تحریک سے جڑ رہے ہیں، ہم نے حکمرانوں سے کہا کہ اپنی گاڑیاں چھوٹی کرو، لیکن وہ یہ بات سمجھنے کے لیے تیار نہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ مذاکرات کی میز پر حکومت ہماری دلیل کے سامنے ہار چکی ہے۔ اگر حکومت نے عوام کو ریلیف نہ دیا تو فیصلے سڑکوں پر ہوں گے اور حکومت گراؤ تحریک بھی شروع کی جائے گی۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف خطرے میں ہیں، ان کے حالات بہتر نہیں، جماعت اسلامی کا ہر رہنما اور کارکن ایک دوسرے سے جڑا ہوا ہے، ہماری قیادت اور کارکنوں میں کوئی فرق نہیں سمجھا جاتا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments