کے پی حکومت کے انسداد دہشتگردی کے طے ڈرافٹ پر دستخط سے انکار پر مذاکرات ناکام ہوئے: شیری رحمان

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ چار ڈرافٹس پر تمام فریقین کے ساتھ اتفاق ہو گیا تھا، خیبر پختونخوا حکومت کے مرکز کیساتھ انسداد دہشتگردی تعاون کے طے شدہ ڈرافٹ پر دستخط سے انکار کے باعث مذاکرات ناکام ہوئے۔

سینیٹر شیری رحمان نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کے حوالے سے ایکس پر پیغام میں کہا ہم نے بار بار کہا خیبر پختونخوا حکومت اور پی ٹی آئی کی سینئر وفاقی قیادت مذاکرات میں شامل ہو۔

شیری رحمان نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ یا کابینہ کا کوئی نمائندہ مذاکرات میں نہیں آیا، اگر کے پی حکومت کے پاس کوئی قابل عمل ڈرافٹ تھا تو اسے خود مذاکرات میں آکر پیش کرنا چاہیے تھا، ہمیں بار بار بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا حکومت اور پی ٹی آئی کی سینئر وفاقی قیادت مذاکرات میں شامل ہوگی۔

شیری رحمان کا کہنا تھا کہ رات تمام معاملات طے ہو چکے تھے، رات ساڑھے آٹھ بجے کے بعد پشاور حکومت نے نئی شرائط رکھنا شروع کردیں، اپنے 25 سالہ پارلیمانی دور میں ایسا موقع ضائع ہوتے نہیں دیکھا، سالوں کی تلخ سیاسی تقسیم کے بعد ملک میں استحکام لانے کا موقع ضائع ہوگیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت وفاقی حکام کے ساتھ بہتر ورکنگ ریلیشن شپ قائم کرتی تو اہم آغاز ہوسکتا تھا، اسلام آباد میں موجود پی ٹی آئی کی سینئر قیادت سے رہنمائی لی جاتی تو بھی اہم پیش رفت ہوسکتی تھی، یہ کوئی یکطرفہ معاملہ نہیں تھا۔

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اتنا موقع دینے اور پورے عمل کے دوران صبر سے کام لینے پر وزیراعظم شہباز شریف، ایاز صادق اور محسن نقوی کے مشکور ہیں، مسلسل تبدیلیوں کے باوجود ہماری تمام ٹیموں نے مذاکرات پر توجہ برقرار رکھی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے مذاکرات ختم نہیں کیے اور دروازے کھلے رکھے، ہم اس وقت تک انتظار کرتے رہے جب تک دوسری جانب سے مذاکرات میں واپس آنا بند نہیں کر دیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...