ماسکو میں دوسرا عالمی ڈیجیٹل فورم آج شروع ہوگا، 120 ممالک کے نمائندے شریک ہوں گے
ماسکو: (شاہد گھمن) روس کے دارالحکومت ماسکو میں دوسرا عالمی ڈیجیٹل فورم آج سے سے شروع ہوگا، تین روزہ فورم 10 اکتوبر تک گورکی پارک کے ’’میچتا‘‘ کمپلیکس میں جاری رہے گا۔
فورم میں 120 ممالک سے 760 نمائندے شرکت کریں گے، جن میں افریقہ، ایشیا، خلیجی ممالک، یورپ اور لاطینی امریکا کے نائب وزرائے اعظم، ڈیجیٹل ترقی کے وزرا، اعلیٰ سرکاری حکام، روسی اور بین الاقوامی ماہرین شامل ہوں گے۔
شرکا ڈیجیٹل تبدیلی کے عالمی رجحانات، ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، مختلف ممالک کے درمیان تعاون اور قومی ڈیجیٹل نظام میں نئی مصنوعات اور ٹیکنالوجی کے انضمام پر تبادلہ خیال کریں گے۔
عالمی ڈیجیٹل فورم میں سرکاری اور نجی شعبے، تعلیمی اداروں، بین الاقوامی تنظیموں، سول سوسائٹی اور مختلف پیشہ ورانہ تنظیموں کے نمائندے بھی شریک ہوں گے، فورم کے دوران تقریباً 60 اجلاس، مذاکرے، تعلیمی پروگرام اور انٹرایکٹو سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔
پروگرام میں ثقافت میں ڈیجیٹل حقیقت، مختلف اقتصادی شعبوں میں مربوط منصوبے، قومی ڈیجیٹل حکمت عملی، علمی معیشت، تخلیقی معیشت کا ڈیجیٹل مستقبل اور نئی مواد کی منڈیوں کے لیے مصنوعی ذہانت کے مواقع جیسے موضوعات شامل ہیں۔
ماہرین مصنوعی ذہانت کے ایجنٹس پر مبنی مستقبل کی معیشت، قومی ڈیجیٹل خودمختاری، نئی ٹیکنالوجی کے محفوظ استعمال اور ترقی پذیر ممالک کو جدید ڈیجیٹل نظام سے منسلک کرنے کے امکانات پر بھی گفتگو کریں گے۔
رواں سال فورم میں کئی نئے پروگرام متعارف کرائے جا رہے ہیں، جن میں آئی ٹی جرنلزم اسکول اور بلاگرز اسکول شامل ہیں، ان پروگراموں کے ذریعے صحافیوں اور ڈیجیٹل مواد تیار کرنے والے افراد کو نئی ٹیکنالوجی، جدید میڈیا پلیٹ فارمز اور مصنوعی ذہانت کے استعمال سے متعلق تربیت فراہم کی جائے گی۔
فورم کے دوران افریقی ممالک کی ڈیجیٹل خودمختاری کے اتحاد اور بچوں کو آن لائن خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے عالمی اتحاد بھی متعارف کرایا جائے گا۔
منتظمین کے مطابق تین روزہ فورم کے اختتام تک ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی تعاون سے متعلق 100 سے زائد معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں، دوسرا عالمی ڈیجیٹل فورم روسی حکومت، وزارتِ ڈیجیٹل ترقی اور روسی وزارتِ خارجہ کی معاونت سے منعقد کیا جارہا ہے۔
ماسکو حکومت فورم کی جنرل پارٹنر، پی ایس بی بینک اسٹریٹجک پارٹنر، اے سیون روسی بین الاقوامی سیٹلمنٹ سسٹم خصوصی پارٹنر جبکہ وی کانٹاکتے آفیشل پارٹنر ہے، روسکوسموس، خلائی و سائنسی مرکز تسنی ماش، ریا نووستی، کومرسانت، پازیٹو ٹیکنالوجیز اور روویکی بھی فورم کے شراکت داروں میں شامل ہیں۔
فورم کے انتظامی امور ’’نیشنل پرائیرٹیز‘‘ اور ’’سینٹر فار گلوبل آئی ٹی کوآپریشن‘‘ انجام دے رہے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments