وزیر خزانہ کی ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کی صدر سے ملاقات، توانائی، ریلوے منصوبوں پر گفتگو

بنکاک: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (اے آئی آئی بی) کی صدر زو جیائی سے ملاقات کی، جس میں انفراسٹرکچر فنانسنگ اور معاشی استحکام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران بجلی کی ترسیل کے نظام اور ریلوے کی جدیدکاری کو ترجیحی شعبے قرار دیا گیا جبکہ ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک نے رواں سال کے اختتام سے قبل بجلی کی ترسیل کے منصوبے کی منظوری دینے کا ہدف مقرر کیا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ایم ایل ون منصوبے کے کراچی سے روہڑی سیکشن کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ مشترکہ مالی معاونت اور دیگر حصوں کے لیے متوازی فنانسنگ کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔

ملاقات میں کثیر سالہ قرضہ جاتی پروگرام، منصوبوں پر بروقت عملدرآمد اور سرکاری و نجی شراکت داری کے ذریعے نجی شعبے کی زیادہ سے زیادہ شرکت کی اہمیت پر زور دیا گیا جبکہ توانائی اور غذائی تحفظ سے متعلق دباؤ سے نمٹنے کے لیے ہنگامی بجٹ معاونت اور موسمیاتی ترجیحات پر مبنی پالیسی فنانسنگ کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پانڈا بانڈ کے لیے ضمانت کی فراہمی میں اے آئی آئی بی کے تعاون کو سراہا اور مالی معاونت کے ذرائع میں تنوع، قرضوں کی مدت میں توسیع اور ری فنانسنگ کے خطرات میں کمی کے لیے پاکستان کی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔

وزیر خزانہ نے مستقبل میں کیپٹل مارکیٹ کے ذریعے مالی وسائل کے حصول میں معاونت کے لیے اے آئی آئی بی کی آمادگی کا خیرمقدم کیا جبکہ یورو بانڈز کی ٹوکنائزیشن کے حوالے سے تکنیکی تعاون کے امکانات کو بھی سراہا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...