شاہ رخ خان کی ’کنگ‘ نے ریلیز سے پہلے 665 کروڑ روپے کما لیے

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کی آنے والی فلم ’کنگ‘ نے سینما گھروں میں ریلیز سے قبل ہی مختلف کاروباری معاہدوں کے ذریعے مبینہ طور پر 665 کروڑ بھارتی روپے کا پری ریلیز بزنس کرلیا ہے، تاہم فلم کو سرمایہ کاری کے اہداف پورے کرنے کے لیے باکس آفس پر بھاری کمائی کرنا ہوگی۔

ہدایت کار سدھارتھ آنند کی یہ فلم 24 دسمبر 2026 کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ بھارتی ویب سائٹ پنک ولا کی رپورٹ کے مطابق فلم کے بیرون ملک ڈسٹری بیوشن حقوق فارس فلمز نے 175 کروڑ روپے کی کم از کم گارنٹی پر حاصل کیے ہیں، جبکہ بھارت میں ڈسٹری بیوشن حقوق پین مرودھر کو 250 کروڑ روپے میں فروخت کیے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق نیٹ فلکس نے فلم کے ڈیجیٹل حقوق 150 کروڑ روپے میں خریدے ہیں، جبکہ سیٹلائٹ حقوق سے 25 کروڑ اور میوزک حقوق سے 65 کروڑ روپے حاصل ہوئے ہیں۔

ان تمام معاہدوں کو ملا کر فلم کا مجموعی پری ریلیز بزنس 665 کروڑ بھارتی روپے تک پہنچ گیا ہے۔ تاہم اسٹریمنگ معاہدے کی حتمی رقم فلم کی سینما گھروں میں کارکردگی سے مشروط ہوسکتی ہے۔

فلم کے بجٹ سے متعلق رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر اس کی پروڈکشن لاگت 300 کروڑ روپے تھی، جو بڑھ کر تقریباً 400 کروڑ روپے ہوگئی ہے۔ مارکیٹنگ اور تشہیر پر مزید 50 کروڑ روپے خرچ ہونے کا تخمینہ ہے، جبکہ شاہ رخ خان کی فیس سمیت فلم کی مجموعی لاگت تقریباً 550 کروڑ روپے تک پہنچنے کی توقع ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پروڈیوسرز اور ڈسٹری بیوٹرز کے مالی اہداف پورے کرنے کے لیے فلم کو دنیا بھر کے باکس آفس سے کم از کم 800 کروڑ روپے کمانا ہوں گے۔

واضح رہے کہ ’کنگ‘ شاہ رخ خان اور ہدایت کار سدھارتھ آنند کا 2023 کی بلاک بسٹر فلم ’پٹھان‘ کے بعد دوسرا بڑا اشتراک ہے۔ یہ فلم ’ڈنکی‘ کے بعد تین سال سے زائد عرصے میں شاہ رخ خان کی پہلی سینما ریلیز بھی ہوگی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...