ملک بھر کی عدالتوں میں ویمن فیسیلی ٹیشن سینٹرز کے قیام کا فیصلہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت لا اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کا اجلاس ہوا، جس میں ملک بھر میں ویمن فیسیلیٹیشن سینٹرز کے قیام سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، چیف جسٹس نے بطور چیئرمین لا اینڈ جسٹس کمیشن اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پہلے مرحلے میں چاروں صوبوں میں ایک، ایک ویمن فیسیلیٹیشن سینٹر قائم کیا جائے گا، مراکز کا مقصد خواتین سائلین کو محفوظ، باوقار اور قابل رسائی ماحول میں رہنمائی اور معاونت فراہم کرنا ہے۔

اجلاس میں رجسٹرار سپریم کورٹ، سیکرٹری لا اینڈ جسٹس کمیشن کیپٹن ریٹائرڈ مشتاق احمد، رجسٹرار بلوچستان ہائیکورٹ ناصر خان، انسٹیٹیوٹ آف آرکیٹیکٹس پاکستان کی سابق چیئرپرسن رویدہ حمایت، نیسپاک کے جنرل منیجر فیصل مجید اور وقار شیخ سمیت متعلقہ کمیٹیوں کے ارکان نے شرکت کی۔

چاروں صوبوں میں تعینات لا اینڈ جسٹس کمیشن کے ریذیڈنٹ ایڈیشنل سیکرٹریز اور ڈیزائن مقابلے میں پہلی تین پوزیشنیں حاصل کرنے والے آرکیٹیکٹس نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: خاندانی مقدمات کی ای فائلنگ کا آزمائشی منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے سال 2025-26 کے دوران عدالتی سہولیات کی فراہمی سے متعلق اصلاحات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ عدالتوں اور بار ایسوسی ایشنز کو بلاتعطل بجلی، ای لائبریریز، انٹرنیٹ اور پینے کے صاف پانی کی سہولیات فراہم کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سمیت ملک بھر کی عدالتوں اور بار ایسوسی ایشنز میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے منصوبے مکمل کر لیے گئے ہیں۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ سال 2026-27 میں چاروں صوبوں اور اسلام آباد میں ویمن فیسیلی ٹیشن سینٹرز کا قیام اہم ترجیح ہے، ان مراکز میں خواتین کو ایک ہی چھت تلے معلومات، رہنمائی اور قانونی معاونت فراہم کی جائے گی، ون ونڈو سہولت سے خواتین سائلین کو مختلف دفاتر کے چکر لگانے اور بار بار عدالت آنے کی ضرورت کم ہوگی۔

مراکز میں استقبالیہ، رہنمائی ڈیسک، آرام دہ انتظار گاہیں، صاف ستھرے واش رومز، خواتین کے لیے علیحدہ مشاورتی کمرے، قانونی مشورے اور معاونت کی سہولیات فراہم کی جائیں گی، جبکہ ثالثی اور متبادل حل تنازعات کے لیے مخصوص جگہ بھی مختص ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: سہیل آفریدی کی بازیابی کیلئے وفاقی آئینی عدالت میں درخواست دائر

منصوبے میں ضرورت مند خواتین کے لیے نفسیاتی و سماجی معاونت، متعلقہ اداروں تک رسائی اور معذوری کی حامل خواتین کے لیے قابل رسائی داخلی راستے، ریمپس اور واضح رہنما علامات کی فراہمی بھی شامل ہے، ضرورت کے مطابق بچوں سے ملاقات اور باوقار رابطے کے لیے مناسب جگہ بھی مختص کی جائے گی۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ویمن فیسیلیٹیشن سینٹرز خواتین کی رازداری، تحفظ، وقار اور انصاف تک آسان رسائی یقینی بنانے کے لیے قائم کیے جا رہے ہیں، ان مراکز سے خواتین کو عدالتی طریقہ کار سمجھنے اور قانونی حقوق کے حصول میں درپیش عملی مشکلات کم کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے بتایا کہ انسٹیٹیوٹ آف آرکیٹیکٹس پاکستان کے تعاون سے مراکز کے ڈیزائن کا ملک گیر مقابلہ منعقد کیا گیا، مقابلے میں کامیاب ہونے والے تین بہترین ڈیزائن تمام ہائیکورٹس کو فراہم کر دیے گئے ہیں تاکہ مقامی ضروریات کے مطابق موزوں ڈیزائن اختیار کیا جا سکے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ چاروں صوبوں کی متعلقہ ہائیکورٹس سے مشاورت مکمل کر لی گئی ہے اور پہلے چار مراکز کے لیے جگہوں کی نشاندہی بھی کر دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عدالت نے شوگر ڈویلپمنٹ سیس کے فنڈز سے سڑکوں کی تعمیر کا ٹینڈر روک دیا

چیف جسٹس نے نیسپاک کو مراکز کے قیام پر کام شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نیسپاک اور انسٹیٹیوٹ آف آرکیٹیکٹس پاکستان کا اسلام آباد راولپنڈی چیپٹر ڈیزائن اور عملدرآمد میں تعاون کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ متعلقہ ہائیکورٹس کی مشاورت سے مراکز کی بروقت تکمیل اور مطلوبہ سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...