غزہ میں انسانی صورتحال تباہ کن، اسرائیل فوری اقدامات کرے: روسی وزارت خارجہ
ماسکو: (شاہد گھمن) روسی وزارت خارجہ نے غزہ کی صورتحال سے متعلق دنیا نیوز کے نمائندے شاہد گھمن کے سوال کے جواب میں اپنا باضابطہ تحریری مؤقف جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں انسانی صورتحال بدستور تباہ کن ہے، جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں اور اسرائیلی فوج کی نئی کارروائیوں کے نتیجے میں عام شہریوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے۔
روسی وزارت خارجہ کے شعبہ اطلاعات و پریس نے 12 نومبر 2026 کو دنیا نیوز کے نمائندے شاہد گھمن کو ارسال کیے گئے تحریری جواب میں واضح کیا کہ غزہ اور لبنان کی صورتحال سے متعلق یہ سرکاری مؤقف صحافتی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے، یہ جواب 11 نومبر کو روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا کی بریفنگ کے لیے پیش کیے گئے سوال کے سلسلے میں ارسال کیا گیا۔
روسی وزارت خارجہ کے مطابق اکتوبر 2025 میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی اور زیر حراست افراد کے تبادلے کے معاہدے کے بعد غزہ میں تنازع کے شدید فوجی مرحلے کو روکنے میں کامیابی حاصل ہوئی تھی، تاہم امن معاہدے کو ایک سال گزرنے کے باوجود اس پر عملی عمل درآمد میں کوئی نمایاں پیش رفت نہیں ہوئی۔
بیان میں کہا گیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا امن منصوبہ، جو اس معاہدے کی بنیاد بنا تھا، تاحال کاغذوں تک محدود ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2803، جس کے ذریعے اس امن اقدام کی توثیق کی گئی تھی، پر عمل درآمد نہیں ہو رہا جبکہ امن کونسل بھی عملی طور پر کام شروع نہیں کر سکی۔
روسی وزارت خارجہ نے کہا کہ غزہ میں اب تک پائیدار امن قائم نہیں ہو سکا۔ جنگ بندی کی منظم اور مسلسل خلاف ورزیاں ریکارڈ کی جا رہی ہیں اور اسرائیلی فوج کی نئی کارروائیوں کی اطلاعات باقاعدگی سے موصول ہو رہی ہیں، جن کے نتیجے میں عام شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو رہے ہیں۔

روسی مؤقف کے مطابق غزہ سے اسرائیلی فوج کے انخلا اور حماس کو غیر مسلح کرنے جیسے بنیادی معاملات بھی تاحال حل طلب ہیں، غزہ میں بین الاقوامی استحکام فورس کی تعیناتی کا معاملہ غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے جبکہ غزہ کے انتظام کے لیے قائم قومی کمیٹی بھی مکمل طور پر فعال نہیں ہو سکی۔
روسی وزارت خارجہ نے بتایا کہ اس کمیٹی کے بیشتر ارکان اسرائیلی پابندیوں کے باعث غزہ میں داخل نہیں ہو پا رہے، ان حالات میں غزہ کی تعمیر نو کے عملی کام کے آغاز کی بھی کوئی صورت نظر نہیں آ رہی۔
بیان میں غزہ کے انسانی بحران کو انتہائی سنگین قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ علاقے میں پینے کے صاف پانی، خوراک، ایندھن، ادویات اور زندگی کی دیگر بنیادی ضروریات کی شدید قلت برقرار ہے، طبی اداروں اور شہری خدمات فراہم کرنے والے اداروں کا نظام تقریباً مکمل طور پر مفلوج ہو چکا ہے۔
روسی وزارت خارجہ کے مطابق اندرونی طور پر بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کے کیمپ گنجائش سے زیادہ بھر چکے ہیں اور وہاں رہائش کے حالات انتہائی افسوس ناک ہیں۔ موسم سرما کی آمد کے باعث ان بے گھر افراد کی مشکلات مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔
روسی وزارت خارجہ نے اسرائیلی حکام پر زور دیا کہ وہ غزہ میں انسانی صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکنے کے لیے ہنگامی اقدامات کریں، انسانی امداد کی بلا رکاوٹ رسائی بحال کریں اور خوراک سمیت تمام ضروری اشیا ضرورت مند افراد تک پہنچانے کو یقینی بنائیں۔
لبنان کی صورتحال پر بھی روس کو شدید تشویش
روسی وزارت خارجہ نے اپنے تحریری جواب میں لبنان کی فوجی اور سیاسی صورتحال پر بھی گہری تشویش ظاہر کی۔
بیان کے مطابق جون 2026 میں بیروت اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کے نتیجے میں کشیدگی میں کسی حد تک کمی آئی اور لبنانی دارالحکومت پر حملے رک گئے، تاہم جنوبی لبنان میں وقفے وقفے سے مسلح جھڑپیں اب بھی جاری ہیں۔
روسی وزارت خارجہ نے لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی کی بیشتر خلاف ورزیوں کی ذمہ داری اسرائیلی فریق پر عائد ہوتی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی فوج لبنان کی آبادی والے علاقوں پر بلا امتیاز حملے جاری رکھے ہوئے ہے، جن کے نتیجے میں عام شہری ہلاک ہو رہے ہیں۔
روس نے واضح کیا کہ لبنان میں مستقل اور پائیدار امن کے لیے فوجی کارروائیوں کا مکمل خاتمہ اور سیاسی و سفارتی ذرائع سے مسائل کا حل ضروری ہے، اس سلسلے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 پر عمل درآمد کو بنیادی اہمیت حاصل ہے، جس میں متعلقہ فریقوں کی ذمہ داریوں کی واضح نشاندہی کی گئی ہے۔
روسی وزارت خارجہ نے لبنان کی خودمختاری، آزادی، قومی وحدت اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ روس اس اصولی مؤقف پر مسلسل قائم ہے۔
بیان کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف اور لبنان کے وزیر خارجہ یوسف رجی کے درمیان 12 اکتوبر 2026 کو ماسکو میں ہونے والے مذاکرات کے دوران بھی روس نے اپنے اسی مؤقف کی توثیق کی تھی۔
روسی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ ماسکو علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر لبنان، مقبوضہ فلسطینی علاقوں اور مجموعی طور پر مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کی کوششیں جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔
واضح رہے کہ دنیا نیوز کے نمائندے شاہد گھمن نے روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا سے غزہ میں جنگ بندی کے باوجود جاری اسرائیلی حملوں، شہری ہلاکتوں اور بین الاقوامی برادری کے ممکنہ اقدامات کے حوالے سے سوال کیا تھا۔
اس سوال کے بعد روسی وزارت خارجہ کی پریس سروس نے 12 نومبر کو غزہ اور لبنان کی صورتحال سے متعلق اپنا تفصیلی تحریری جواب ارسال کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments