پاکستان اور برطانیہ کی دوستی مضبوط اقتصادی شراکت داری کی متقاضی ہے: وزیراعظم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کی دوستی مضبوط اقتصادی شراکت داری کی بھی متقاضی ہے۔

 برطانوی ہائی کمیشن اسلام آباد میں برطانوی بادشاہ چارلس سوم کی سالگرہ کے سلسلے میں تقریب منعقد ہوئی، جس میں  شہباز شریف نے بادشاہ چارلس سوم اور شاہی خاندان کے دیگر افراد کو مبارکباد پیش کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط اور دوستانہ ہوئے ہیں، دونوں ممالک کی گہری دوستی اب مضبوط اقتصادی شراکت داری کی بھی متقاضی ہے۔

 وزیراعظم نے کہا کہ کرکٹ کے میدان میں پاکستان اور برطانیہ بھرپور مقابلہ کرتے ہیں، تاہم کھیل کے میدان سے باہر دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط اور دوستانہ ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ لاہور میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا گیا کرکٹ میچ سنسنی خیز تھا، شاداب خان اور حارث رؤف کی ریکارڈ ساز شراکت نے میچ کا نقشہ بدل دیا۔

اُنہوں نے بادشاہ چارلس سوم کی عوامی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی زندگی عوامی خدمت کے لیے غیرمتزلزل عزم سے عبارت ہے، برطانیہ کے ساتھ میری طویل اور خوشگوار وابستگی ہے، پاکستان اور برطانیہ کی دوستی کا رشتہ وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان براہ راست فضائی رابطہ چھ سال بعد بحال ہوچکا ہے، پی آئی اے نے اسلام آباد اور لاہور سے لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ کے لیے پروازیں شروع کردی ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاک برطانیہ تجارت کا حجم تقریباً 5.5 ملین پاؤنڈ تک پہنچ چکا ہے جبکہ تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کی گہری دوستی مضبوط اقتصادی شراکت داری کا تقاضا کرتی ہے، عالمی مسائل کے حل کے لیے تصادم کے بجائے ہمیشہ مکالمے کو ترجیح دی جانی چاہیے۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی سہولت کاری میں بھی تعمیری کردار ادا کیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...