روس، امریکہ اور یوکرین کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور جلد متوقع ہے: ترجمان کریملن

ماسکو: (شاہد گھمن) روسی صدارتی دفتر کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا ہے کہ روس، امریکہ اور یوکرین کے درمیان سہ فریقی مذاکرات کا اگلا دور جلد منعقد ہونے کی توقع ہے، اس حوالے سے امریکی مذاکرات کاروں کے ساتھ بات چیت ہوچکی ہے اور ماسکو کو امید ہے کہ مذاکراتی عمل مستقبل قریب میں جاری رہے گا۔

ماسکو میں پریس بریفنگ کے دوران مذاکرات کے اگلے دور سے متعلق ایک سوال کے جواب میں دمتری پیسکوف نے کہا کہ روس کو توقع ہے کہ یہ مذاکرات جلد ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکی مذاکرات کاروں کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں بھی یہی معاملہ زیر بحث آیا تھا، اس لیے روس کو امید ہے کہ مذاکراتی عمل مستقبل قریب میں آگے بڑھے گا۔

کریملن کے ترجمان نے مذاکرات کے اگلے دور کی حتمی تاریخ یا مقام کے بارے میں کوئی اعلان نہیں کیا۔

واضح رہے کہ روس، امریکہ اور یوکرین کے درمیان سہ فریقی مذاکرات 10 نومبر کو متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں منعقد ہوئے تھے۔

ان مذاکرات میں روسی وفد کی قیادت روسی صدر کے معاون ولادیمیر میدنسکی نے کی، جبکہ یوکرینی وفد کی سربراہی رستم عمروف نے کی۔

مذاکرات کے آغاز پر امریکی نمائندے اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر، یورپ میں نیٹو افواج کے سپریم کمانڈر الیکسس گرنکیوچ اور متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان بھی مذاکرات کی میز پر موجود تھے۔

فرانسیسی حکام کے دعوؤں کے باوجود ابوظہبی میں ہونے والے ان مذاکرات میں یورپی ممالک کے نمائندے شریک نہیں تھے۔

روسی وفد کے سربراہ ولادیمیر میدنسکی نے مذاکرات کے بعد بتایا تھا کہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگی قیدیوں کے بڑے پیمانے پر تبادلے پر اتفاق ہوگیا ہے، قیدیوں کے تبادلے سے متعلق تفصیلات جلد منظرعام پر لائی جائیں گی۔

ولادیمیر میدنسکی کے مطابق ابوظہبی مذاکرات میں یوریشیائی خطے کی سلامتی کا معاملہ بھی مرکزی اہمیت کا حامل رہا اور فریقین بعض امور پر مشترکہ نکات تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...