شارجہ بک فیئر: بچوں کو اپنی حفاظت، اجنبی افراد سے بچاؤ کیلئے خصوصی تربیت

شارجہ: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات میں 45ویں شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر کے دوران بچوں کو اجنبی افراد سے محفوظ رہنے، خطرناک صورتحال پہچاننے اور والدین سے بچھڑ جانے کی صورت میں درست اقدامات کرنے کی تربیت دینے کے لیے خصوصی آگاہی پروگرام منعقد کیا گیا۔ چائلڈ سیفٹی آرگنائزیشن کے زیر اہتمام چار سے دس سال کی عمر کے بچوں کے لیے کہانیوں اور عملی مثالوں کے ذریعے ذاتی حفاظت کے بنیادی اصول بیان کیے گئے۔

ادارے کے مطابق کتاب میلے میں کہانی سنانے کی دو خصوصی نشستیں منعقد ہوئیں، جن میں بچوں کو بتایا گیا کہ اگر کوئی اجنبی انہیں اپنے ساتھ جانے کی دعوت دے تو انہیں کیا کرنا چاہیے اور کسی عوامی یا پُرہجوم مقام پر والدین سے بچھڑ جانے کی صورت میں کس سے مدد حاصل کرنی چاہیے۔

پروگرام کا مقصد بچوں میں خوف پیدا کرنے کے بجائے انہیں ممکنہ خطرات سے آگاہ کرنا اور اعتماد کے ساتھ درست فیصلے کرنے کے قابل بنانا تھا۔

پہلی نشست میں مصنفہ سحر نجا کی کہانی ’’ٹم ٹم بطخ‘‘ سنائی گئی، جس کی تصاویر فادی فاضل نے تیار کی ہیں، کہانی کے ذریعے بچوں کو اجنبی افراد کے بہکاوے میں آنے کے خطرات، غیر محفوظ درخواستوں سے انکار اور ایسے رازوں کی نشاندہی کرنا سکھایا گیا جن کے بارے میں والدین یا کسی قابلِ اعتماد بڑے کو بتانا ضروری ہوتا ہے۔

دوسری نشست میں مصنفہ صباح دیب کی کہانی ’’بازار کی سیر‘‘ پیش کی گئی، جس کی تصویر کشی بھی فادی فاضل نے کی ہے، اس کہانی کے ذریعے بچوں کو عوامی مقامات پر والدین کے قریب رہنے، ہجوم میں احتیاط برتنے اور گھر والوں سے بچھڑ جانے کی صورت میں متعلقہ حکام سے مدد لینے کے طریقے سمجھائے گئے۔

چائلڈ سیفٹی آرگنائزیشن کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد بچوں کو کم عمری سے ہی ذاتی حفاظت سے متعلق ایسی عملی معلومات فراہم کرنا ہے جنہیں وہ آسانی سے سمجھ سکیں اور ضرورت پڑنے پر حقیقی زندگی میں استعمال کرسکیں۔

ادارے نے اس حوالے سے والدین اور خاندان کے کردار کو بھی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کو ایسا اعتماد دینا ضروری ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک یا غیر آرام دہ صورتحال کے بارے میں بلا جھجھک بات کرسکیں۔

شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر میں منعقدہ ان نشستوں کے ذریعے کتابوں اور کہانیوں کو بچوں کی تعلیم کے ساتھ ذاتی سلامتی اور عملی زندگی کی تربیت کا ذریعہ بنایا گیا، بچوں کو خطرے کی نشاندہی، غیر محفوظ درخواست پر انکار اور درست افراد سے مدد طلب کرنے کے بنیادی اصولوں سے آگاہ کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...