دبئی میں اکتوبر کے دوران ٹریفک قوانین کی 27 ہزار 756 خلاف ورزیاں ریکارڈ
دبئی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات میں دبئی پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف نگرانی مزید مؤثر بناتے ہوئے اکتوبر کے دوران مجموعی طور پر 27 ہزار 756 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی ہیں۔
جدید اسمارٹ مانیٹرنگ سسٹم اور کیمروں کی مدد سے دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے والے ڈرائیوروں کی خلاف ورزیاں بھی پکڑی گئیں، دبئی پولیس نے اکتوبر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں سے متعلق اعدادوشمار جاری کیے ہیں، جن میں گاڑی چلاتے ہوئے موبائل فون استعمال کرنے جیسے خطرناک رویوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔
پولیس نے جدید نگرانی کے نظام کے ذریعے ایسے ڈرائیوروں کی تصاویر بھی حاصل کیں جو دورانِ ڈرائیونگ سڑک پر توجہ دینے کے بجائے موبائل فون استعمال کرتے پائے گئے۔
متحدہ عرب امارات کے ٹریفک قوانین کے تحت ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کرنے یا توجہ ہٹانے والی خلاف ورزی پر 800 درہم جرمانہ اور چار بلیک پوائنٹس عائد کیے جاسکتے ہیں۔
دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون کا استعمال ڈرائیور کی توجہ متاثر کرتا ہے، جس کے باعث اچانک بریک لگانے، سامنے موجود گاڑیوں اور پیدل چلنے والوں کو بروقت نہ دیکھ پانے سمیت حادثات کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
دبئی پولیس کی جانب سے اسمارٹ کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا مقصد ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کے ساتھ سڑکوں پر محفوظ ڈرائیونگ کو فروغ دینا بھی ہے۔
ٹریفک قوانین کی پابندی کرنے والے ڈرائیور نہ صرف جرمانوں اور بلیک پوائنٹس سے بچ سکتے ہیں بلکہ اپنی اور دوسرے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments