ابوظہبی میں ایک کروڑ 40 لاکھ درہم کے زیورات کے فراڈ میں ملوث ملزم گرفتار
ابوظہبی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں پولیس نے تقریباً ایک کروڑ 40 لاکھ درہم مالیت کے سونے اور قیمتی زیورات کے مبینہ فراڈ میں ملوث ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا۔
پولیس نے شکایت موصول ہونے کے چند گھنٹوں کے اندر جدید ٹیکنالوجی اور اسمارٹ نگرانی کے نظام کی مدد سے ملزم کا سراغ لگایا اور چھاپہ مار کر اسے حراست میں لے لیا، کارروائی کے دوران سونے کے زیورات، ان کی رسیدیں اور مقدمے سے متعلق اہم دستاویزات بھی برآمد کرلی گئیں۔
خلیج ٹائمز کے مطابق ایک جیولری شاپ کے مالک نے پولیس کو شکایت درج کرائی تھی کہ تقریباً چھ ماہ قبل ایک شخص نے خود کو متحدہ عرب امارات کی معروف کاروباری شخصیات اور بااثر افراد کا نمائندہ ظاہر کرکے دکان سے قیمتی زیورات حاصل کیے تھے، ملزم نے زیورات کی رقم بعد میں ادا کرنے کا وعدہ کیا، تاہم کئی ماہ گزرنے کے باوجود ادائیگی نہیں کی۔
شکایت موصول ہوتے ہی ابوظبی پولیس نے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے کر معاملے کی تحقیقات شروع کر دیں، پولیس نے جدید اسمارٹ سسٹمز، ڈیٹا کے تجزیے اور نگرانی کے ذرائع استعمال کرتے ہوئے چند گھنٹوں میں مشتبہ شخص کی شناخت اور اس کے ٹھکانے کا پتا لگا لیا۔
تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ مشتبہ شخص نے مبینہ فراڈ میں دیگر افراد کی مدد بھی حاصل کر رکھی تھی اور وہ ابوظہبی کی ایک رہائشی عمارت کے اضافی حصے کو اپنے ٹھکانے کے طور پر استعمال کر رہا تھا، پولیس کی خصوصی ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا، چھاپے کے دوران سونے کی اشیا سے بھرے ڈبے، انوائسز اور دیگر اہم دستاویزات بھی قبضے میں لے لی گئیں۔
پولیس کے مطابق ابتدائی پوچھ گچھ میں ملزم نے بتایا کہ باقی زیورات فروخت کیے جا چکے ہیں، تاہم فروخت ہونے والے زیورات کی مکمل تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
ابوظہبی پولیس نے تاجروں اور زیورات کے کاروبار سے وابستہ افراد کو خبردار کیا ہے کہ بڑی مالیت کے لین دین سے پہلے خریداروں کی شناخت اور قانونی حیثیت کی مکمل تصدیق کریں، حکام نے ہدایت کی ہے کہ محض زبانی وعدوں یا بعد میں ادائیگی کی یقین دہانی پر قیمتی اشیا کسی کے حوالے نہ کی جائیں اور کسی بھی مشکوک لین دین کی صورت میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی جائے۔
پولیس نے گرفتاری کی تصدیق کر دی ہے، تاہم مقدمے میں کسی حتمی عدالتی فیصلے یا سزا کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments