نئے صوبوں کے معاملے پر بانی پی ٹی آئی سے مشاورت ہونی چاہئے: سلمان اکرم راجہ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ ملک میں صوبوں کے حوالے سے بات کی جا رہی ہے، نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بانی پی ٹی آئی عمران خان سے مشاورت ہونی چاہیے۔
پروگرام ’’ٹونائٹ ود ثمر عباس‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ تحریک انصاف عوام کی سب سے بڑی نمائندہ جماعت ہے، جب بانی پی ٹی آئی سے مشاورت ہوگی تو ہی کوئی بات آگے بڑھ سکتی ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اپنے اصولوں کے برعکس کوئی بات نہیں کریں گے۔ ابھی تک آئینی ترمیم کا متن بھی سامنے نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے سلمان صفدر سے کہا تھا کہ جو بھی بات کرنی ہے ان سے کی جائے، جس نے بات کرنی ہے وہ خود ان سے کرے، صرف ایک رکن قومی اسمبلی کی ملاقات کافی نہیں، بانی سے پارٹی قیادت کی ملاقات ضروری ہے۔
سلمان اکرم راجہ کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ وہ جن لوگوں کی فہرست دیں گے، ان کی ملاقات کرائی جائے لیکن فہرست میں شامل ناموں کے بجائے خود ہی دوسرے نام شامل کر دیئے جاتے ہیں۔ جب ملاقات کے لیے بار بار ایک ہی نام بھیجے جائیں گے تو شکوک پیدا ہوں گے۔
انہوں نے اپنے عہدے سے متعلق کہا کہ بعض لوگوں کی چھوٹی موٹی خواہشات ہیں، وہ کہیں نہیں جا رہے، بانی پی ٹی آئی نے انہیں بلا کر خود عہدہ دیا تھا تاکہ وہ ان کے بیانیے اور نظریے کی حفاظت کریں۔ آخری دم تک بانی کے نظریے کی حفاظت کروں گا۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ غیر اہم لوگوں کی باتوں پر توجہ نہ دی جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments