امریکا شدید طوفان کی لپیٹ میں، 8 لاکھ سے زائد صارفین بجلی سے محروم
نیویارک: (دنیا نیوز) امریکا کی مشرقی ریاستوں میں تھینکس گیونگ کے موقع پر آنے والے شدید طوفان نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، موسمی صورتحال کے پیش نظر نیویارک کی میسیز تھینکس گیونگ ڈے پریڈ بھی تاریخ میں پہلی بار ملتوی کر دی گئی ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق شدید طوفان کے نتیجے میں 8 لاکھ سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہو گئے، تھینکس گیونگ ڈے پریڈ کے منتظمین نے بتایا ہے کہ یہ پریڈ اب ہفتے کے روز منعقد ہوگی۔
حکام نے بتایا کہ میزوری سے نیویارک تک پھیلے طوفان کے باعث ساحلی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، جبکہ مشرقی ساحلی پٹی کے متعدد پل اور شاہراہیں ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مڈ اٹلانٹک ساحلی علاقوں میں پانی کی سطح ریکارڈ بلندی تک پہنچ گئی، جبکہ مڈویسٹ کے مختلف علاقوں میں شدید برفباری کے بعد طوفان نے اپنا رخ جنوب کی جانب کرلیا، خراب موسم کے باعث کئی علاقوں میں معمولات زندگی متاثر ہوئے اور شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
طوفان کے اثرات فضائی سفر پر بھی مرتب ہوئے اور تھینکس گیونگ کی تعطیلات کے دوران مصروف ترین سفری ایام میں سینکڑوں پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوگئیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments