دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی ہوگی: وزیر داخلہ سندھ
کراچی :(دنیا نیوز) سندھ کے وزیر داخلہ ضیاء لنجار نے کہا ہے کہ کمشنر کراچی کی جانب سے دفعہ 144 کا نفاذ کیا گیا تھا، خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی۔
پریس کلب، تین تلوار اور میٹرو پول پر مظاہروں سے متعلق بیان میں انہوں نے کہا مظاہرین کی جانب سے قانون کی خلاف ورزی کی گئی۔
وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ پولیس نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر کچھ افراد کو حراست میں لیا، جن افراد نے قانون ہاتھ میں لیا ان کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
ضیاء لنجار نےمزید کہا کہ پریس کلب پر صحافیوں کیساتھ پولیس کے ناروا سلوک پر تحقیقات کا حکم دیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ جن پولیس اہلکاروں نے شناخت بتانے کے باوجود صحافیوں پر تشدد کیا ان کے خلاف ایکشن ہوگا۔