پیپلزپارٹی 16 سال سے سندھ پر قابض، بلاول بتائیں کراچی کیلئے کیا کیا؟ منعم ظفر خان

کراچی: (دنیا نیوز) امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ پیپلزپارٹی 16 سال سے سندھ پر قابض، بلاول بھٹو زرداری بتائیں کراچی کیلئے انہوں نے کیا کیا؟

امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کے منتخب نمائندوں نے اپنے ٹاؤنز میں پارکوں کو بحال کیا اور کھیلوں کے میدانوں کو آباد کیا، حافظ نعیم الرحمان نے کہا تھا کہ ہم اختیارات کا رونا نہیں روئیں گے بلکہ اختیارات سے بڑھ کر کام کریں گے۔

منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی وفاق میں اتحادی حکومت کے ساتھ مزے کر رہی ہے، ملک کا صدربھی پیپلزپارٹی کا ہے اس کے باوجود کراچی کے مسائل حل نہیں ہو رہے، ریڈ لائن منصوبہ میں بی آر ٹی کے منصوبہ ساز نے 84 انچ کی لائن توڑدی، کراچی کے شہری ٹیکس بھی دیتے ہیں اس کے باوجود نلکوں کے بجائے ٹینکروں میں پانی دیتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے ورلڈ بنک سے 1.6 بلین روپے وصول کئے اور کہا کہ پانی کے مسائل حل کریں گے، 5 سال گزر گئے ہیں لیکن آج تک پانی کے مسائل حل نہیں ہوئے، پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنے کے لئے تیار نہیں ہے۔

منعم ظفرخان کا کہنا تھا کہ کراچی کے منصوبے کی کوئی ڈیڈ لائن موجود نہیں ہے، اسلام آباد میں 42 دن میں انڈر پاس مکمل کرلیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں