2025 اتحاد، ترقی اور خوشحالی کا سال ہوگا: بلاول بھٹو زرداری
اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے تمام اہل وطن اور عالمی برادری کو نئے سال کی مبارک باد دے دی۔
بلاول بھٹو زرداری نے بیان میں کہا ہے کہ نیا سال اتحاد، ترقی اور خوشحالی کا سال ہو گا، سال 2025 میں داخل ہوتے ہوئے ہمیں اپنی جدوجہد کا جائزہ لینا اور کامیابیوں کا جشن منانا چاہیے، یہ وقت ہے کہ ہم اپنے تعلقات کو مضبوط کریں اور اختلافات کو بھلا کر آگے بڑھیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہمیں ملک سے غربت اورعدم مساوات کے خاتمے اور جہالت کے خلاف جدوجہد جاری رکھنا ہو گی، قوم کو ایک ترقی پسند اور جامع پاکستان کی جستجو میں متحد رہنے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی عوام کی طاقت اور حوصلے پر کامل یقین ہے، ہم چیلنجز پر قابو پا کر ایک ایسے مستقبل کا راستہ ہموار کریں گے جو امید اور ہم آہنگی سے بھرا ہو گا، عوام کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے پیپلز پارٹی اپنے غیر متزلزل عزم کے ساتھ کھڑی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ آئیے نئے سال میں جمہوریت، آزادی اور سماجی انصاف کے اصولوں کے لیے ہماری وابستگی کی تجدید کریں، دعا گو ہوں کہ 2025 تمام پاکستانیوں کے لیے امن ،صحت اور خوشحالی سے بھرپور سال ثابت ہو۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ عوام ایک دوسرے کا ساتھ دینے اور بہتر کل کے لیے کوششیں جاری رکھے، آئیں ہم سب مل کر 2025 کو پاکستان کے لیے ترقی اور امید کا سال بنائیں۔