محمود اچکزئی ملک دشمن ایجنڈے پر کار بند ہیں: حنیف عباسی

اسلام آباد:(دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما حنیف عباسی نے محمود خان اچکزئی کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ وہ ملک دشمن ایجنڈے پر کاربند ہیں۔

اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ ایسے وقت میں جب مغربی سرحد پر پاکستان نے دراندازی کا منہ توڑ جواب دیا، محمود خان دراندازی کرنے والوں کی ہمدردی میں بات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس عمر میں اتنا جھوٹ بولتے ہوئے یہ شرماتے بھی نہیں، شہباز شریف کی اپنے بھائی سے وفاداری پر بات کرنے سے پہلے محمود خان اپنے گریبان میں جھانکیں، تاریخ گواہ ہے کہ مشرف کی وزیراعظم بننے کی پیشکش کو شہباز شریف نے ٹھکرا دیا تھا۔

حنیف عباسی کا مزید کہنا تھا کہ اپنے بھائی کا ہر مشکل وقت میں ساتھ دینے والے شہباز شریف نے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں جبکہ محمود خان منافقت کی سیاست کرتے رہے، جھوٹ اور مکر ان کا وتیرہ بن چکا ہے، کبھی سچ سے بھی کام لے لیا کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں