دھند میں حدنگاہ صفر ہونا کیا ہے؟ حادثات سے محفوظ رہنے کیلئے احتیاطی تدابیر
لاہور: (دنیا نیوز) شدید دھند کے باعث عموماً حد نگاہ صفر ہو جاتی ہے، حد نگاہ صفر ہونا ہے کیا؟ اور دھند میں کونسی احتیاطی تدابیر اختیار کر کے حادثات سے محفوظ رہا جا سکتا ہے اس پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔
ایس پی موٹر وے عاطف شہزاد کا کہنا ہے کہ حد نگاہ صفر ہونے کا مطلب دکھائی دینا کم ہونا ہے،10 میٹر تک نظر نہ آنا حد نگاہ صفر ہوتا ہے، اس صورتحال میں سفر کرنے کیلئے گاڑی کی ہیڈ لائٹس، فوگ لائٹس ٹھیک ہونی چاہئیں۔
دوران سفر احتیاطی تدابیر
انہوں نے کہا کہ سفید روشنی دھند میں منعکس ہو کر ایک چمک پیدا کرتی ہےلہٰذا پیلی لائٹ کا استعمال کریں ،پیلی روشنی دھند میں بہتر طور پر داخل ہوتی ہے اور سڑک پر دور تک دیکھنے میں مدد دیتی ہے۔
عاطف شہزاد کا کہنا تھا کہ دھند میں ڈرائیو کرتے وقت کم از کم دس میٹر کا فاصلہ برقرار رکھیں ، دھند میں حد نگاہ تقریباً ختم ہو جاتی ہے ایسے میں اکیلے گاڑی چلانے کے بجائے گروپ میں سفر کرنا محفوظ ہوتا ہے، اکیلے سفر کرنے والی گاڑیاں اکثر نظر نہیں آتیں گروپ میں ڈرائیونگ محفوظ اور پر اعتماد ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند ہی دھند، موٹرویز اور سڑکیں مختلف مقامات پر بند
ایس پی موٹروے نے کہا کہ ڈرائیونگ کرتے وقت سڑک پر گہری نگاہ رکھیں ، گاڑی کی رفتار کو قابو میں رکھیں، بہتر اور صاف ویو کےلئےونڈ سکرین وائپر اور ڈیفوگر کا استعمال کریں ،ہیڈ لائٹس کا استعمال سمجھداری سے کریں،گہری دھند میں ہیڈ لائٹس آن جبکہ کم دھند میں ہلکی یا بند رکھیں ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بریک اور اشاروں کو سڑک پر نکلنے سے پہلے اچھی طرح چیک کر لیں، دھند کے موسم میں اضافی بلب پاس رکھیں تاکہ خراب لائٹ کو تبدیل کیا جا سکے، صبح 10 سے شام 6 بجے تک سفر کیا جائے،بلا وجہ سفر سے گریز کیا جانا چاہئے۔