پاکستان کا اقوام متحدہ میں شفاف اور جوابدہ اصلاحات کا مطالبہ
نیویارک: (دنیا نیوز) پاکستان نے اقوام متحدہ میں شفاف اور جوابدہ اصلاحات کا مطالبہ کر دیا۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے نیویارک میں آئی پی یو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی پی یو سالانہ سماعت میں تنازعات کے پرامن حل پر زور دیا، انہوں نے کہا سلامتی کونسل کی قراردادوں پرعمل ناگزیر ہے، سب کیلئے اصلاحات، کسی کیلئے خصوصی مراعات نہیں ہونی چاہئیں، چیلنجز کسی ایک ملک کی تنہا کوشش سے حل نہیں ہوسکتے۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ دنیا کو موسمیاتی تبدیلی، پرتشدد تنازعات اور بڑھتی ہوئی عدم مساوات جیسے چیلنجز درپیش ہیں، کوئی بھی ملک تنہا ان مسائل سے نہیں نمٹ سکتا، چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ تنازعات کا پرامن حل تلاش کرنا ہوگا، مسائل کے حل کیلئے اقوام متحدہ کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔