بغیر معاوضے اوور ٹائم کا حکم، ملازم نوکری کے پہلے روز ہی مستعفی
ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارت میں ایک پروڈکٹ ڈیزائنر نے ملازمت کے پہلے روز ہی نوکری سے استعفیٰ دے دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت میں شریاس نامی شہری نے ایک کمپنی میں ملازمت اختیار کی، ملازمت کے پہلے روز ہی باس نے اسے بغیر معاوضے کے اوور ٹائم لگانے کو کہا جس پر اس نے ملازمت سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا۔
بعدازاں شریاس نے سوشل میڈیا پر اپنا تجربہ شیئر کرتےہوئے لکھا کہ میرے پہلے دن کے اختتام پر میرے رپورٹنگ منیجر نے واضح کر دیا کہ وہ مجھ سے کچھ وعدوں کی توقع رکھتے ہیں جن میں سے ایک بغیر کسی معاوضے کے معمول کے اوقات سے زیادہ کام کرنا ہے۔
ملازم کا مزید کہنا تھا کہ جب میں نے گھریلو زندگی اور دفتری اوقات میں حدود قائم کرنے کی کوشش کی تو باس نے میرا مذاق اڑاتے ہوئے اسے ایک مغربی ترقی یافتہ قوم کا رویہ قرار دے کر مسترد کردیا، باس کے اس رویئے پر میں ملازمت کے پہلے روز ہی مستعفی ہو گیا۔