ابوظہبی کے 2 بڑے عجائب گھروں میں بچوں کیلئے مفت تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز

ابوظہبی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں بچوں کی تعلیم، تخلیقی صلاحیتوں اور ثقافتی آگاہی کے فروغ کیلئے 2 بڑے عجائب گھروں میں خصوصی تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز کردیا گیا۔

وزارتِ خاندان اور ابوظہبی ارلی چائلڈہڈ اتھارٹی کے تعاون سے شروع کی گئی مہم کے تحت 3 سے 15 سال تک کے بچوں کو مفت تعلیمی اور تفریحی تجربات فراہم کیے جا رہے ہیں۔

اس پروگرام میں زاید نیشنل میوزیم اور نیچرل ہسٹری میوزیم ابوظہبی شریک ہیں، منتظمین کے مطابق نیچرل ہسٹری میوزیم میں خصوصی سرگرمیاں 14 سے 22 نومبر جبکہ زاید نیشنل میوزیم میں 16 سے 22 نومبر تک جاری رہیں گی، بچوں کو کھیل، مشاہدے اور عملی سرگرمیوں کے ذریعے متحدہ عرب امارات کی تاریخ، ثقافتی ورثے اور قدرتی ماحول سے روشناس کرایا جائے گا۔

پروگرام میں تقریباً 2 ہزار بچوں کی شرکت متوقع ہے، جبکہ والدین اور خاندانوں کو بھی بچوں کے ساتھ تعلیمی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

متحدہ عرب امارات کی وزیرِ خاندان ثنا بنت محمد سہیل نے عجائب گھروں کا دورہ کرکے بچوں کیلئے ترتیب دی گئی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور انہیں فراہم کیے جانے والے تعلیمی مواقع کے بارے میں معلومات حاصل کیں، اس اقدام کا مقصد بچوں میں سیکھنے، نئی چیزیں دریافت کرنے اور قدرتی ماحول کو سمجھنے کی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔

منتظمین کے مطابق ان سرگرمیوں میں شرکت کیلئے پیشگی بکنگ کی ضرورت نہیں، خاندان متعلقہ عجائب گھروں کے استقبالیہ کاؤنٹرز سے رجسٹریشن کرا سکتے ہیں، یہ سرگرمیاں متحدہ عرب امارات میں 16 سے 22 نومبر تک جاری ابتدائی بچپن کے ہفتے کا حصہ ہیں، جس کے تحت ملک بھر میں 130 سے زائد شراکت دار اداروں کے تعاون سے 300 سے زیادہ پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔

حکام کے مطابق اس مہم کا مقصد بچوں کی ابتدائی نشوونما، خاندانی شرکت اور تعلیمی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے، جبکہ عجائب گھروں میں متعارف کروائے گئے تجربات کو مستقبل میں مستقل پروگراموں کا حصہ بنانے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...