جدید تحقیق اور ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے شارجہ انوویشن ڈیز 2026ء کا افتتاح کر دیا گیا
شارجہ: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں جدید تحقیق، ٹیکنالوجی اور اختراعات کے فروغ کیلئے شارجہ انوویشن ڈیز 2026ء کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔
شارجہ کے حکمران کے دفتر کے چیئرمین شیخ ڈاکٹر سالم بن عبدالرحمن القاسمی نے 18 نومبر کو شارجہ ریسرچ، ٹیکنالوجی اینڈ انوویشن پارک میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں شرکت کی، اس پروگرام کا مقصد جدید سائنسی تحقیق کو عوامی ضروریات سے منسلک کرنے کے ساتھ سرکاری اور نجی اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ دینا ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شارجہ ریسرچ، ٹیکنالوجی اینڈ انوویشن پارک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر حسین المحمودی نے کہا کہ اختراعات کو معاشرے کی حقیقی ضروریات سے ہم آہنگ کرنا ادارے کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ شارجہ حکومت، جامعات، ٹیکنالوجی کمپنیوں اور نجی شعبے کے درمیان اشتراک تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کے عملی استعمال کیلئے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔
المدثر نیوز ایجنسی کے مطابق شارجہ انوویشن ڈیز 2026ء کے دوران تعلیم اور صحت کے شعبوں میں جدید تحقیق اور ٹیکنالوجی کے استعمال کو خصوصی طور پر اجاگر کیا گیا۔
اس سلسلے میں شارجہ سینٹر فار لرننگ ڈفیکلٹیز، ایمریٹس ہیلتھ سروسز اور شارجہ ہیلتھ اتھارٹی کے ساتھ تعاون کی مثالیں پیش کی گئیں، جن کے ذریعے تعلیمی اور طبی شعبوں کو درپیش مسائل کے جدید اور مؤثر حل تلاش کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔
اس موقع پر شارجہ ایگزیکٹو کونسل کے جنرل سیکرٹریٹ میں حکومتی ترقی کے ڈائریکٹر حمید الشامسی نے بھی خطاب کیا اور سرکاری خدمات کی بہتری میں اختراعات کے کردار کو اہم قرار دیا۔
منتظمین کے مطابق تحقیق، تعلیم، صحت اور جدید ٹیکنالوجی کے درمیان روابط مضبوط بنانے سے عوامی خدمات کے معیار میں بہتری لائی جاسکتی ہے، شارجہ انوویشن ڈیز کا انعقاد ریاست میں تحقیق اور ٹیکنالوجی پر مبنی ترقیاتی اقدامات کو آگے بڑھانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments