قیام پاکستان:لہو رنگ تاریخ ناقابل فراموش

تحریر : ڈاکٹر عقیل احمد


14اگست کا دن پاکستان کی تاریخ کا وہ عظیم اور اہم ترین دن ہے جس میں ہمارا یہ وطن عزیز ملک پاکستان عدم سے وجود میں آیا اور مسلمانانِ ہند نے انگریزوں کے چنگل سے آزادی کا پروانہ حاصل کرکے ایک آزاد اور خود مختار اسلامی ریاست کی بنیاد رکھی ۔

بلاشبہ پاکستان کی تاریخ میں یہ عظیم دن ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ امر نہایت ہی اہم اور ضروری ہے کہ ہم اپنی آنے والی نئی نسل کو قیام پاکستان کے حوالے سے اِس کی الم ناک داستانوں ، جگر خراش واقعات اور جاں گداز حالات کے پس منظر میں اس کے وہ اہداف و مقاصد بھی مکمل طرح بیان کریں کہ جن کی بنیاد پر ہمارے اکابرین نے آگ و خون کے دریا عبور کرکے حصولِ پاکستان کی نعمت کو یقینی بنایا اور ہمیں ایک الگ خطہ ، ایک علیحدہ ملک اور ایک جدا گانہ مملکت کا نہایت ہی گراں قدر تحفہ پیش فرمایا ، تاکہ کہیں وہ اس کی پیش منظر رونقوں ، سجاوٹوں، آسائشوں ، آرائشوں اور زیبائشوں میں گم ہوکر اِس کے پس منظر کی لہو رنگ تاریخ ساز داستان کا انکار کرکے اس کے ڈھانچے سے اس کی رُوح کوہی عنقاء نہ کردیں ۔

ہمارا سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ ہم نے اپنی نوجوان نسل کو ہندوؤں ، سکھوں اور انگریزوں کی دسیوں مخالفتوں اور بیسیوں سازشوں کا مقابلہ کرتے ہوئے ، لاکھوں جانوں ، کروڑوں عصمتوں اور اربوں کی جائیداد کی قربانی دے کر بانیانِ پاکستان کے اِن تمام تر حالات و واقعات سے قطعاً نا آشنا رکھاہے ، جس کے نتیجہ میں وہ آج نہایت ہی معصومی سے یہ سوال کرتے ہیں کہ انڈیا کو کیوں توڑا گیا اور پاکستان کیوں بنایا گیا؟ کیا اچھا ہوتا اگر ہم اکٹھے رہتے، یا دوبارہ اکٹھے کر دیئے جاتے؟ لہٰذا ہمارا حق بنتا ہے کہ ہم اپنی نوجوان نسل کو قیام پاکستان کے اہداف و مقاصد اور اُس کی لہو رنگ، الم ناک داستان سے خبر دار کریں۔

1680ء میں برصغیر میں انگریز نے اپنا ناپاک قدم رکھا اور 1857ء میں برصغیر سے مسلمانوں کی حکومت کا خاتمہ کردیا،اور مسلمانوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ ڈھانا شروع کردئیے۔ لاکھوں مسلمانوں کو بے دردی سے شہید کیا گیا ، اُن کی جائیدادیں ضبط کرلی گئیں، اُن کو اپنا غلام بنالیا گیا، نتیجتاً مسلمانوں کا کاروبار تباہ ہوگیا ، غربت و افلاس نے ڈیرے ڈال دیئے، انگریزوں نے ملک میں انگریزی تعلیم لازمی قرار دے دی ، سکولوں سے عربی اور فارسی کو نکال دیا اور ساتھ ہی جمعہ کی نماز کیلئے چھٹی دینے سے انکار کردیا۔ جواباً مسلمانوں نے بھی انگریز کی بود و باش، رہن سہن اور اُن کی تعلیم و تربیت کا مکمل طور پر بائیکاٹ کردیا اور اس طرح مسلمانوں کو انگریز سرکار کی نوکری سے بھی ہاتھ دھونے پڑے ۔ جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ مسلمان تعلیم و تربیت ، معاشرت و معیشت اور سیاست و حکومت کے لحاظ سے مکمل طرح رُو بہ زوال ہو گئے۔ 

دوسری طرف ہندو،انگریزوں کی خایہ برداری ا و ر اُن کی چاپلوسی کرکے انگریزی تعلیم حاصل کرنے لگے ، اُن کی وضع قطع ، بود و باش ، ہیئت و کیفیت ، حرکات و سکنات غرضیکہ زندگی گزارنے کے تمام طور طریقے انگریز آقاؤں کے سانچوں میں ڈھالنے لگے۔ اس کے صلہ میں انگریز وں نے اپنی تمام تر عنایتیں ان پر نچھاور کردیں ۔اس کے ساتھ ساتھ کٹھ پتلی حزب اختلاف اور ہندو مفاد پرست جماعت کی تشکیل کیلئے انگریز قانون دان ہیوم نے ’’آل انڈیا نیشنل کانگریس‘‘ کی بنیاد رکھ دی، جو بظاہر تو ’’ہندو ،مسلم‘‘ دونوں کی جماعت ہونے کا دعویٰ کرتی تھی مگر اصل میں درِ پردہ وہ صرف ہندومت کی نمائندہ جماعت تھی۔جس کا مقصد ہندو راج قائم کرکے مسلمانوں کو غلام بنانا تھا ۔

جنگ آزادی 1857ء کے زخم ابھی تازہ تھے کہ    1867ء میں ہندوؤں نے لسانی تحریک شروع کردی ، جس کا مقصد یہ تھا کہ اردو زبان کی جگہ ہندی زبان کو سرکاری و عدالتی زبان کے طور پر رائج کیا جائے اور عربی رسم الخط کی جگہ دیونا گری رسم الخط کو اپنایا جائے ۔ کئی مسلمان رہنماؤں نے ہندوؤں کو سمجھانے کی کوشش کی اور اُن پر واضح کیا کہ اردو زبان انڈو اسلامک آرٹ کا لازمی جزو بن چکی ہے ، کوئی چاہے بھی توجنوبی ایشیاء کے ثقافتی ورثہ سے اس انمول ہیرے کو نکال باہر نہیں کرسکتا ، مگر ان دلائل کا ہندوؤں پر کچھ بھی اثر نہ ہوا۔ علی گڑھ مکتبہ فکر کے بانی سرسید احمد خان نے بھی اپنی تمام تر مصالحتی کوششیں کیں ، لیکن وہ بھی ناکام رہے ، اردو اور ہندی کے درمیان اس قضیے کا نتیجہ بڑے پیمانے پر مسلم کش فسادات کی صورت میں رُونما ہوا ۔ 

1927ء میں ہندو رہنما پنڈت بال گنگا دھر تلک نے گاندھی کو پیغام بھجوایا کہ ’’ہمیشہ اس بات کا خیال رکھنا کہ جس طرح بھی ہوسکے ہندوستان کی سب جائیدادیں ہندوؤں کے قبضہ میں آجائیں ، پھر صرف حکومت حاصل کرنے کا ایک مسئلہ باقی رہ جائے گا ، جس کا حل بالکل آسان ہو گا‘‘۔1929ء میں راشٹریا سیوک سنگھ کے سربراہ گوالکر نے کہا کہ ’’تمام بدیشی (یعنی غیر ہندو) اقوام کو ہندو تہذیب اور ہندو زبان اختیار کرنی پڑے گی ، اُنہیں اپنی انفرادیت ختم کرکے ہندو نسل میں گم ہونا پڑے گا‘‘۔

 23 مارچ 1940ء کو مسلمانوں نے مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے آزادی کا باضابطہ مطالبہ کیا ۔ اس سلسلے میں مسلم لیگ کا سالانہ اجلاس 22 مارچ 1940ء کو لاہور میں ہوا، جس سے خطاب کرتے ہوئے قائد اعظمؒ نے کہا کہ ’’مسلمان ہر اعتبار سے ایک قوم ہیں ، لیکن افسوس ناک بات یہ ہے کہ اُنہیں غلطی سے اقلیت سمجھا جاتا ہے ‘‘ اُنہوں نے مزید کہا کہ ’’حقیقت یہ ہے کہ ہندو اور مسلمان دونوں الگ الگ مذہب سے تعلق رکھتے ہیں ، دونوں کی معاشرت جدا جدا ہے ، دونوں کا ادب ایک دوسرے سے مختلف ہے ، اِن میں باہم شادیاں نہیں ہو سکتیں، یہ دوالگ الگ تہذیبوں سے تعلق رکھتے ہیں ‘‘۔یہی وہ ’’دو قومی نظریہ‘‘ تھا کہ جس کی بنیادپر بانیٔ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے ایک آزاد و خود مختار ریاست کی بنیاد رکھی۔

دوسری جنگ عظیم (یکم ستمبر 1938ء تا 2ستمبر 1945ء ) کے بعد اگرچہ تاجِ برطانیہ اپنے زیر تسلط علاقوں سے دست بردار نہیں ہونا چاہتا تھا اور اُس وقت کی ملکہ برطانیہ کی یہ خواہش تھی کہ حسب روایت ہندوستان پر اپنا قبضہ برقرار رکھا جائے، لیکن صورت حال کچھ اس طرف جاچکی تھی کہ اب یہ قبضہ مزید برقرار رکھنا کسی بھی طرح ممکن نہ تھا ۔ چنانچہ جب انگریزوں نے دیکھا کہ ہندوستان پر اب مزید تسلط دُشوار ہوگیا ہے، تو اِن حالات میں فروری 1947ء میں ملکہ برطانیہ نے سرلارڈ ماؤنٹ بیٹن کو وائسرائے ہند بناکر دہلی بھیجا اور اُسے یہ ہدف دیاکہ برصغیر (ہندوستان) سے قابض انگریزوں کا انخلاء اِس طرح سے عمل میں لایا جائے کہ ہندوستان کو تقسیم کرتے ہوئے 1948ء تک یہ تسلط ختم کردیا جائے۔ ماؤنٹ بیٹن نے اہل ہند ہنود کے ساتھ مل کر ایک گھناؤنی سازش کے تحت 14 اگست 1947ء کو برصغیر کو اچانک تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا۔

 مؤرخہ 3 جون 1947ء کو یہ تو سب کو معلوم تھا کہ امسال اگست کا مہینہ رمضان المبارک میں آئے گا، لیکن یہ کسی کو بھی معلوم نہیں تھا کہ 13 اور 14 اگست کی درمیانی شب کو رمضان المبارک کی ستائیسویں شب ہوگی۔ 13اور 14 اگست کی درمیانی شب کو پہلے ریڈیو ڈھاکہ سے اور اُس کے ایک گھنٹہ بعد ریڈیو لاہور سے یہ اعلان نشر ہوا کہ ’’یہ ریڈیو پاکستان ہے‘‘اور اس طرح 14 اگست 1947ء بمطابق 27رمضان المبارک کو ہمارا یہ پیارا وطن عزیز ملک پاکستان وجود میں آیا۔

 ہندوؤں نے وحشیانہ طریقے سے لاکھوں مسلمانوں کو صفحۂ ہستی سے مٹا یا ، عورتوں اور بچوں کو گھروں کے اندر بند کرکے زندہ جلادیا گیا ، عورتوں کو اُن کے رشتہ داروں کے سامنے موت کے گھاٹ اُتارا گیا، ہزاروں نوجوان عورتوں نے کنوؤں میں چھلانگیں لگاکر خود کشی کرلی، بعض علاقوں میں آٹھ لاکھ تینتیس ہزار مسلمانوں میں سے تقریباً ستر، اسی فیصد لوگوں کو بالکل ہی نیست و نابود کردیا گیا ،بعض  علاقوں میں شاید ہی کوئی مسلمان زندہ بچا ہو۔ 15 ستمبر 1947ء کو اردیسہ سے پاکستان کی طرف ہجرت کرنے والے ایک لاکھ کے قافلے میں سے صرف چار ہزار مسلمان زندہ بچ کر پاکستان پہنچ سکے۔ 4سے 14 ستمبر 1947ء تک نئی دہلی میں پچیس ہزار مسلمانوں کا قتل عام کیا گیا۔

وہ تمام دن وہ تمام غم جو گزر گئے 

ہمیں یاد ہیں

وہ رہِ وفا کے تمام زخم جو بھر گئے

ہمیں یاد ہیں

وہ لُٹے سہاگ وہ عصمتیں

جو فسانہ ہیں وہ حقیقتیں

وہ تمام گھر جو اُجڑ گئے

وہ عزیز سب جو بچھڑ گئے

ہمیں یاد ہیں

وہ عجیب لوگ وہ قافلے

جو نہ رُک سکے نہ بھٹک سکے

جو چمن سجا کے چلے گئے

جو وطن بنا کے چلے گئے

ہمیں یاد ہیں

وہ تمام دن وہ تمام غم جو گزر گئے

ہمیں یاد ہیں

وہ رہِ وفا کے تمام زخم جو بھر گئے

ہمیں یاد ہیں

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

فیض حمید کے خلاف فرد جرم پی ٹی آئی کیلئے خطرے کی گھنٹی

پاکستان تحریک انصاف کی مشکلات میں اضافہ ہی ہوتا چلا جا رہا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید پر فردِ جرم عائد ہونا اور ان پر تحریک انصاف کی قیادت کے ساتھ رابطوں اور ملک کو انتشار کا شکار کرنے کے الزامات تحریک انصاف اور اس کی قیادت کے لیے مزید مشکلات کھڑی کرنے جا رہے ہیں۔

مدارس بل،جے یو آئی پسپائی کیلئے کیوں تیار نہیں؟

حکومت کی جانب سے یقین دہانیوں کے باوجود جمعیت علماء اسلام اور اس کے لیڈر مولانا فضل الرحمن مدارس کے حوالے سے منظور شدہ بل میں تبدیلی کیلئے مطمئن نہیں، اور موجودہ صورتحال میں یہ ایک بڑا ایشوبن چکا ہے۔

سرد موسم میں سیاسی گرما گرمی

ملک میں سردی آگئی مگر سیاسی درجہ حرارت میں کمی نہیں آئی۔ تحریک انصاف کے اسلام آباد مارچ کی گرمی ابھی کم نہ ہوئی تھی کہ مولانا فضل الرحمن نے بھی اسلام آباد کی طرف رُخ کرنے کا اعلان کردیا۔ ادھر سندھ میں ایک بار پھر متحدہ قومی موومنٹ نے آگ پر ہانڈی چڑھا دی۔ پیپلز پارٹی نے بھی چولہے کی لو تیز کردی ہے۔

پی ٹی آئی،جے یو آئی اتحاد کی حقیقت

پاکستان تحریک انصاف اور جمعیت علمائے اسلام(ف) کے مابین رابطے ایک بار پھر بحال ہورہے ہیں ۔جمعیت علمائے اسلام (ف) دینی مدارس کی رجسٹریشن سے متعلق بل پر وفاق سے ناراض ہے ۔

بلوچستان کی ترقی کیلئے سیاسی تعاون

بلوچستان کی معاشی ترقی کیلئے حکومت کے صنعتی، تجارتی اور زرعی منصوبے عملی اقدامات کے متقاضی ہیں۔ وفاقی وزیر تجارت جام کمال اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ترقی کی یقین دہانیاں خوش آئند ہیں مگر ماضی کے تجربات شفافیت اور سنجیدہ عمل درآمد کی ضرورت کو واضح کرتے ہیں۔

مطالبات منظور،احتجاج ختم

آزاد جموں و کشمیر میں حکومت نے ’’پیس فل اسمبلی اینڈ پبلک آرڈر آرڈیننس 2024‘‘ کو واپس لے لیا جس کے بعد مشترکہ عوامی ایکشن کمیٹی کا احتجاج بھی پر امن طریقے سے ختم ہو گیاہے۔