آج کا پکوان: اسپینش فرائی فش
اجزاء :مچھلی کے قتلے ایک کلو، نمک حسب ذائقہ، لہسن کے جوئے دو سے تین عدد، ثابت کالی مرچ آدھا چائے کا چمچ، مسٹرڈ پیسٹ آدھا چائے کا چمچ، سخت لیموں دو عدد، میدہ حسب ضرورت، ڈبل روٹی کا چورا آدھی پیالی، تازہ پارسلے دو سے تین ڈنٹھل، کوکنگ آئل حسب ضرورت۔
ترکیب:مچھلی کے قتلوں کو صاف دھو کر خشک کر لیں اور اس پر مسٹرڈ پیسٹ مل دیں۔ ایک پیالے میں چار کھانے کے چمچ میدہ اور ڈبل روٹی کا چورا ڈالیں، اس میں نمک اور گدری پسی ہوئی کالی مرچ ملائیں۔ مچھلی کے قتلوں کو اس مکسچر میں اچھی طرح رول کر لیں اور کوکنگ آئل میں فرائی کر لیں۔ اس کا ساس بنانے کیلئے چار کھانے کے چمچ کوکنگ آئل کو ہلکا سا گرم کریں اور اس میں ایک چائے کا چمچ لیموں کا چھلکا کش کرکے ڈالیں، خوشبو آنے پر کچلا ہوا لہسن ڈال کر ہلکا سا فرائی کریں۔ پھر اس میں دو کھانے کے چمچ میدہ ڈال کر بھونیں، میدہ بھن جائے تو اس میں دو سے تین کھانے کے چمچ لیموں کا رس اور تھوڑا سا پانی ڈال کر ہلکا سا گاڑھا ہونے تک پکائیں اور آخر میں اس میں باریک کٹا ہوا پارسلے ملا لیں۔
فش اینڈ بینز رول
اجزا: مچھلی دو سو گرام، لال لوبیا ایک پیالی، شملہ مرچ ایک درمیانی، نمک حسب ذائقہ، پسا ہوا لہسن ایک چائے کا چمچ، پیاز ایک عدد درمیانی، ٹماٹر پیسٹ آدھی پیالی، تازہ لال مرچیں چار سے چھ عدد، چیڈر چیز آدھی پیالی، سادہ آٹا ڈیڑھ پیالی، میدہ آدھی پیالی، تیل حسب ضرورت۔
ترکیب: مچھلی کو صاف دھو کر رکھ لیں۔ پیاز شملہ مرچ اور لال مرچوں کو باریک کاٹ کر رکھ لیں۔ لوبیا کو دھو کر گرم پانی میں بھگو کر رکھیں پھر ابال کر گلا لیں۔ مچھلی کی بوٹیوں کو لہسن اور نمک لگا کر رکھیں پھر اس پر ہلکا سا میدہ چھڑکتے ہوئے ایک سے دو کھانے کے چمچ تیل میں سنہری فرائی کر کے نکال لیں۔ پین میں دوکھانے کے چمچ تیل کو درمیانی آنچ پر دو سے تین منٹ گرم کریں اور اس میں پیاز کو ہلکا سا فرائی کریں۔ اس میں فرائی کی ہوئی مچھلی، نمک، لال مرچ اور ٹماٹر کا پیسٹ ڈال کر تیز آنچ پر تین سے چار منٹ فرائی کریں۔ پھر اس میں لوبیا ڈال کر ملائیں اور دو تین منٹ دم پر رکھ کر چولہے سے اتار لیں۔
رول بنانے کیلئے: آٹا اور میدے کو ملا کر نمک اور دو کھانے کے چمچ تیل ڈال کر پانی کی مدد سے سخت سا گوندھ لیں۔ پھر اس کی چھوٹی چھوٹی چپاتیاں بنا کر توے پر سینک لیں۔ اس پر تیار کی ہوئی فلنگ ڈال دیں۔ اوپر سے باریک کٹی ہوئی شملہ مرچ اور کش کیا ہوا چیز چھڑ کر رول کر لیں۔ ان منفرد رولز کو ٹارٹر ساس کے ساتھ پیش کریں۔