پاک بھارت جنگ کے بعد:پی ایس ایل 10 کا میلہ دوبارہ سج گیا

تحریر : محمد ارشد لئیق


حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے بعد جب سرحدوں پر گولہ و بارود کی گونج نے پورے خطے کو خوف و ہراس میں مبتلا کر رکھا تھا، تب ایسا لگتا تھا کہ زندگی کی رنگینیاں ماند پڑ چکی ہیں۔ لیکن جنگ کے بادل چھٹنے کے بعد ایک بار پھر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا رنگا رنگ میلہ دوبارہ سج گیا ہے۔

 پی ایس ایل 10 کے دوبارہ آغاز نے ایک بار پھر جشنِ بہاراں کا منظر پیش کیا، پی سی بی نے پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے گزشتہ رات میچ کے آغاز سے قبل زبردست آتش بازی کا مظاہرہ کیا جبکہ اس موقع پر نامور گلوکاروں نے ملی نغمے بھی پیش کئے۔ شائقین کرکٹ کا جوش و جذبہ بھی دیدنی تھا۔ شائقین کرکٹ کے جوش و جذبے نے ثابت کیا کہ کھیل ہی اصل امن کا پیغام ہے۔ یاد رہے کہ بھارتی جارحیت کے باعث پی ایس ایل 10 کو امارات منتقل کردیا گیا تھا مگر حالات نارمل ہونے پر اس فیصلے کو ملتوی کر کے پی ایس ایل کو دوبارہ پاکستانی گرائونڈز میں لایاگیاہے ۔

دس دن کے تعطل کے بعد راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پھر سے پی ایس ایل10 کیلئے کھلاڑی ایکشن میں نظر آئے۔جہاں کراچی کنگز اور پشاور زلمی اہم مقابلے میں آمنے سامنے تھے۔پوائنٹس ٹیبل کے مطابق ملتان سلطانز ٹرافی کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہے جبکہ ایک ٹیم نے ابھی اور باہر ہونا ہے ۔ اب وہ کونسی ٹیم ہوگی اس کا فیصلہ بھی اگلے دو روز میں ہو جائے گا۔ ابھی ہر ٹیم نے ایک ایک میچ اور کھیلنا ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 13 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے اور وہ ڈینجرس زون سے باہر ہے۔ اس نے اپن اآخری میچ آج ملتان سلطانز کیخلاف کھیلنا ہے اور اگر کوئٹہ یہ میچ ہار بھی جائے تو اسے کوئی فرق نہیں پڑے گااور اگر وہ جیت گئی تو اس کے پوائنٹس 15 ہو جائیں گے۔  پشاور زلمی اور لاہور قلندرز بھی آج راولپنڈی میں ایک اہم میچ میں مدمقابل ہوں گے ۔ کل یعنی سوموار پہلے مرحلے کا آخری روز ہے ، آخری روز رواں سیزن کے پہلے مرحلے کا آخری میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلا جائے گا۔  21مئی بروز بدھ کو پہلا کوالیفائر میچ جبکہ 22مئی کو ایلی مینیٹر میچ کھیلا جائے گا۔ دوسرا کوالیفائر میچ 23مئی کو جبکہ فائنل 25مئی کو لاہور میں ہو گا۔

 پی ایس ایل 10 کے بقیہ میچز کے لیے غیرملکی کھلاڑی بھی اپنی ٹیموں کو دوبارہ جوائن کر چکے ہیں۔کچھ نئے غیر ملکی کھلاڑی بھی سائن کئے گئے ہیں۔ بنگلہ دیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن اور راجا پاکسے، سری لنکا کے دنیش چندیمل، اویشکا فرنینڈو، افغانستان کے گلبدین نائب، اسکاٹ لینڈ کے جارج منسے، انگلینڈ کے ایلکس ہیلز، جنوبی افریقی بیٹر رسی وین ڈر ڈیوسن پی ایس ایل 10 کے ابتدائی میچز میں ٹیموں کا حصہ نہیں تھے۔یہ تمام کھلاڑیوں نے پاکستان سپر لیگ 10 کے بقیہ 8 میچز کیلئے پاکستان پہنچ چکے ہیں۔ 

 پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچز کے ٹکٹوں کی فروخت شروع ہوگئی ہے، ٹکٹس نجی کوریئر کمپنی کی ویب سائٹ اور سینٹرز سے خریدے جاسکتے ہیں۔اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ جن شائقین نے پرانے شیڈول کے مطابق ٹکٹ خریدے تھے وہ انہی پر میچ دیکھ سکتے ہیں جبکہ نئے شیڈول کے مطابق تمام میچز کے ٹکٹس آن لائن دستیاب ہیں۔پی سی بی کے مطابق آج  راولپنڈی میں ڈبل ہیڈر ڈے پر دونوں میچوں کیلئے 9 مئی والا ٹکٹ استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ایلی مینیٹر اور فائنل کے ٹکٹ خریدنے والے نئے شیڈول کے مطابق انہیں استعمال کر سکتے ہیں۔راولپنڈی میں شیڈول میچز کے ٹکٹوں کی قیمتیں 650 روپے سے 3 ہزار روپے تک رکھی گئی ہیں جب کہ کوالیفائر، ایلیمینیٹرز کے ٹکٹوں کی قیمتیں ایک ہزار روپے سے 6500 روپے تک رکھی گئی ہیں۔ فائنل کے ٹکٹ کی کم سے کم قیمت 1500 روپے اور زیادہ سے زیادہ 10ہزار روپے ہے۔

سب سے بڑی فتح

پی ایس ایل 10میں رنز کے اعتبار سے سب سے بری فتح کا سہرا پشاور زلمی کے سر رہا  جبکہ وکٹس کے اعتبار سے سب سے بڑی فتح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنے دامن میں سمیٹی۔ پہلے بات کرتے ہیں رنز کے اعتبار سے بڑی فتح کی۔ 19اپریل کو راولپنڈی سٹیڈیم میں کھیلے گئے پشاور زالمی اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹون کے نقصان پر 227 رنز بنائے۔  جس کے جواب میں ملتان سلطانز کی ٹیم 107 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی ، وہ صرف 15.5 اوورز ہی کھیل سکی ۔ یوں پشاور زلمی نے120 رنز کے مارجن سے ٹورنامنٹ کی سب سے بڑی فتح حاصل کی۔ 

وکٹ کے اعتبار سے سب سے بڑی فتح کی بات کی جائے تو اس میچ میں بھی مخالف ہارنے والی ٹیم ملتان سلطانز تھی جبکہ فاتح ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز تھی۔ 29اپریل کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے پہلے کھیلتے ہوئے 89رنز کا ہدف دیا جو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا، یوں 10 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

وکٹیں گرانے کی جنگ،عباس آفریدی کے نام

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا دسواں ایڈیشن کئی حوالوں سے یادگار رہا، لیکن اگر بات کی جائے باؤلنگ کے شعبے کی تو ایک نوجوان کھلاڑی عباس آفریدی کا نام ہر زبان پر رہا۔، جنہوں نے اپنی تباہ کن باؤلنگ سے نہ صرف بیٹرز کو مشکلات میں ڈالا بلکہ سیزن کے بہترین باؤلر کا اعزاز بھی اپنے نام کر رکھا ہے۔ عباس آفریدی نے پی ایس ایل 10 میں غیر معمولی مہارت اور تسلسل کے ساتھ پرفارم کیا۔ ان کی رفتار، لائن اور لینتھ پر کنٹرول، اور وکٹ لینے کی صلاحیت نے مخالف ٹیموں کے بیٹنگ لائن اپ کو بارہا تہس نہس کر دیا۔ انہوں نے نہ صرف پاور پلے میں وکٹیں حاصل کیں بلکہ ڈیتھ اوورز میں بھی اپنی نپی تلی باؤلنگ سے ٹیم کو میچز جتوانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ عباس آفریدی 8 میچز میں کراچی کنگز کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ وہ پی ایس ایل 10 میں سب سے زیادہ 15 وکٹیں لینے والے بائولر ہیں۔ ان کی بہترین بائولنگ 27رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنا ہے۔ ان کا سٹرائیک ریٹ 10.80 ہے۔ 27 اوورز میں انہوں نے 252 رنز دیئے ہیں۔ 24سالہ فاسٹ بائولر عباس آفریدی نے 2018ء میں کرکٹ کریئر کا آغاز کیا۔ لیکن انہیں اصل پہچان 2023ء میں پی ایس ایل میں ڈیبیو کرنے کے بعد ملی۔ انہوں نے 2023ء کی پی ایس ایل میں 23 وکٹوں کے ساتھ سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلر کا اعزاز بھی اپنے نام کیا تھا۔

رنز بنانے کی دوڑ:رضوان سب سے آگے

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن میں جس بلے باز نے اپنے تجربے، مستقل مزاجی اور ذمہ دارانہ بیٹنگ سے سب کو اپنا گرویدہ بنایاوہ  ہیں محمد رضوان۔ جو اس سیزن کے اب تک کے سب سے بہترین بلے باز ہیں۔محمد رضوان نے پی ایس ایل 10 میں شاندار فارم کا مظاہرہ کرتے ہوئے 9 میچز میں 363رنز بنائے ہیں جبکہ ان کا بہترین سکور 105رنز ناٹ آئوٹ ہے۔ان کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ وہ پی ایس ایل کے رواں سیزن میں تین بار ناٹ آئوٹ رہے ہیں۔ وہ پی ایس ایل سیزن 10 میں ایک سینچری اور ایک بار نصف سینچری بنا چکے ہیں جبکہ ایک بار وہ بغیر کوئی رنز بنائے بھی پویلین لوٹ گئے ۔  محمد رضوان پی ایس ایل کے رواں سیزن میں سٹرائیک ریٹ 139.08ہے ، وہ 32چوکے اور 12 چھکے لگا چکے ہیں۔ رضوان نے اس سیزن میں سب سے زیادہ رنز اسکور کیے، اور ان کا اوسط دیگر بلے بازوں کے مقابلے میں نمایاں طور پر بہتر رہا لیکن اسے ان کی بد قسمتی ہی کہا جا سکتا ہے کہ ان کی بہترین پرفارمنس ان کی ٹیم ملتان سلطانز کے کسی کام نہ آئی۔ ان کی قیادت میں ملتان سلطانز نے 9میچ کھیلے ہیں جن میں سے 8میچوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ملتان سلطانز صرف ایک میچ جیت کر 2پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سب سے آخر پرموجود ہے اور وہ ٹرافی کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

35ویں نیشنل گیمز2025:پاک آرمی 29ویں بار فاتح

آرمی نے196گولڈ میڈلز اپنے نام کئے،واپڈا نے84اورنیوی نے36طلائی تمغے جیتے

مطیع اعظم (پہلی قسط )

حج کا موقع تھا، مکہ میں ہر طرف حجاج کرام نظر آ رہے تھے۔ مکہ کی فضائیں ’’لبیک اللھم لبیک‘‘ کی صدائوں سے گونج رہی تھیں۔ اللہ کی وحدانیت کا کلمہ پڑھنے والے، اہم ترین دینی فریضہ ادا کرنے کیلئے بیت اللہ کا طواف کر رہے تھے۔ یہ اموی خلافت کا دور تھا۔ عبدالمالک بن مروان مسلمانوں کے خلیفہ تھے۔

پناہ گاہ

مون گڑیا! سردی بہت بڑھ گئی ہے، ہمیں ایک بار نشیبستان جا کر دیکھنا چاہیے کہ وہاں کا کیا حال ہے۔ مونا لومڑی نے مون گڑیا سے کہا، جو نیلی اونی شال اوڑھے، یخ بستہ موسم میں ہونے والی ہلکی بارش سے لطف اندوز ہو رہی تھی۔ اچھا کیا جو تم نے مجھے یاد دلا دیا، میرا انتظار کرو، میں خالہ جان کو بتا کر ابھی آتی ہوں۔

بچوں کا انسائیکلوپیڈیا

خط استوا(Equator) کے قریب گرمی کیوں ہوتی ہے؟ خط استوا پر اور اس کے قرب و جوار میں واقع ممالک میں گرمی زیاد ہ اس لئے ہو تی ہے کہ سورج سال کے ہر دن سروںکے عین اوپر چمکتا ہے۔خط استوا سے دو رشمال یا جنوب میں واقع ممالک میں موسم بدلتے رہتے ہیں۔گرمی کے بعد سردی کا موسم آتا ہے۔اس کی وجہ یہ ہے کہ زمین سورج کے گرد ایک جھکے ہوئے محور پر گردش کرتی ہے۔اس طرح بعض علاقے سال کا کچھ حصہ سورج کے قریب اور بعض سورج سے دور رہ کر گزارتے ہیں۔

صحت مند کیسے رہیں؟

٭…روزانہ کم از کم دو بار ہاتھ منہ دھویئے، ناک اور کان بھی صاف کیجئے۔ ٭…روزانہ کم از کم دوبار دانت صاف کیجئے۔

ذرا مسکرائیے

امی (منے سے) :بیٹا دیوار پر نہ چڑھو گر پڑے تو پانی بھی نہ مانگ سکو گے۔ منا: امی! میں پانی پی کر چڑھوں گا۔ ٭٭٭