کمشنر جہانزیب اعوان کا اچانک میونسپل کارپوریشن دفتر کا دورہ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) کمشنر جہانزیب اعوان نے جمعہ کے روز میونسپل کارپوریشن دفتر کا اچانک دورہ کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ دونوں افسروں نے مختلف برانچوں میں جاکر افسران اور عملہ کی حاضری اور دستیابی کو چیک کیا اور ہر افسر سے اس کی روز مرہ کے دفتری امور بارے آگاہی لی۔ انہوں نے دفتر میں آئے سائلین سے ان کے مسائل کے حل ، ملازمین کے تعاون سمیت دیگر امور بارے بھی آگاہی لی۔ کمشنر نے افسران اور ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ دفتری اوقات کی سختی سے پابندی کریں۔ سائلین کی درخواستوں کو ترجیح بنیادوں پر نمٹایا جائے ۔ انہوں کہا کہ دفتر کے ہر شعبہ میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے اگر کسی بھی ملازم کے خلاف کرپشن و رشوت وصولی کی کوئی شکایت ملی تو اس کے خلاف سخت کارروا ئی کی جائے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا بنیادی فرض عوام کو درپیش مسائل کا حل ہے ۔ دستیاب وسائل اور افرادی قوت کا ذمہ داری اور خدمت کے جذبے سے استعمال مسائل میں بڑی حد تک کمی لانے کے ساتھ عوام کی نظر میں سرکاری اداروں کے امیج میں بھی واضح بہتری لا سکتاہے۔ اور بالخصوص میونسپل سروسز سے متعلق روز مرہ عوامی مسائل کا تیزی سے ہر ممکن حل اس حوالہ سے بڑی اہمیت رکھتا ہے ۔