انتظامیہ اور قصابوں کا ایکا گوشت کے من مانے نرخ مقرر

 انتظامیہ اور قصابوں کا ایکا گوشت کے من مانے نرخ مقرر

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)انتظامیہ اور قصابوں نے شہریوں کو ماموں بنا دیا، گرانفروشی کے خلاف انتظامیہ کی بھرپور کاروائی اور بعدازاں قصابوں کے مطالبات مان کر قیمتوں میں من مانے اضافہ کی چھٹی دیئے جانے کا معاملہ سوشل میڈیا پر موضوع بحث بن کر رہ گیا ہے۔۔۔

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

ذرائع کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے مقرر کردہ سرکاری نرخوں میں بڑے گوشت کی قیمت 8سو روپے کی بجائے 14سو روپے اسی طرح چھوٹا گوشت 16سو روپے کی بجائے 22سو روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا تھا جس پر انتظامیہ نے بلاک نمبر10اوراعظم مارکیٹ اور ہری پورہ کے بڑے قصابوں جو کہ سپلائر بھی ہیں کے خلاف قانونی کارروائی کی تو انہوں نے انتظامیہ پر دباؤ ڈالتے ہوئے ہڑتال کی کال دیدی مگر اس کے بعد انتظامیہ نے ایک اور سخت ایکشن لیا اور ہڑتال کی کال دینے والوں کو حوالات میں بند کروا دیا جہاں انکا سافٹ وئیر اپ ڈیٹ ہونے کے بعد کامیاب مزاکرات ہوتے ہی تمام گرفتار قصاب اور ان کے ساتھی انتظامیہ کے حق میں بھرپور نعرے بازی کرتے اے سی دفتر آ گئے جہاں قصابوں نے گوشت کی قیمتوں کے تعین کے حوالے سے انتظامیہ کو باور کروا یاکہ ہم سرکاری نرخوں پر اپنی مرضی کا گوشت فروخت کرینگے جبکہ خریدار کی مرضی کے گوشت کی قیمت وہی 14سو اور22سو روپے ہو گی ، یہی نہیں صورتحال کا بھرپور فائدہ اٹھا کر قصابوں نے جانورکے مختلف حصوں اور یہاں تک کے قیمے کے بھی الگ سے اضافی ریٹ وصول کرنے پر انتظامیہ کو راضی کر لیا اور اس طرح اب قصابوں کی من مانیاں پہلے سے بھی بڑھ گئی ہیں، اور وہ دھڑلے سے من مرضی کے نرخوں پر گوشت فروخت کر رہے ہیں جبکہ انتظامیہ خاموش تماشائی بن کر رہ گئی ہے ،یہی حال مرغی کے گوشت کا ہے ، گاہک کی مرضی کے گوشت کی قیمت ساڑھے 7سے 8سو روپے فی کلو جبکہ چربی،پوٹا کلیجی، گردن اور ہڈیوں والا گوشت سرکاری نرخ595روپے فی کلو دستیاب ہے ،شہریوں نے وزیر اعلی پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں