کنڈونیشن فیس جمع نہ کروانے والی ہائوسنگ سوسائٹیز سیل کرنیکا حکم

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان نے کنڈونیشن (CONDONATION) فیس جمع نہ کروانے والی ہاؤسز سوسائٹیز کو سیل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے یہ احکامات انہوں نے چاروں اضلاع کے ریونیو افسران کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں جاری کیے ۔
کمشنر کا کہنا تھا کہ ریونیو افسران دیگر انتظامی و دفتری امور کے ساتھ ریونیو واجبات کی وصولی پر بھی بھرپور توجہ دیں اوراہداف کی سو فیصد وصولی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ مالی سال اختتام کی طرف گامزن ہے لہذا ریونیو فیلڈ سٹاف بھی محنت کر کے اہداف کے حصول کو یقینی بنائے ۔ کمشنر نے ریونیو افسران پر واضح کیا کہ زیر سماعت عدالتی کیسز کو تین ماہ کے اندر نمٹایا جائے ۔ کسی ریونیو عدالت میں ایک سال سے زائد کا کوئی کیس نہیں ہونا چاہیے ، لہذا ایسے کیسز کو ترجیح بنیادوں پر نپٹایا جائے ۔ اجلاس میں شریک چاروں ڈپٹی کمشنرز نے سٹمپ ڈیوٹی، انتقال فیس، زرعی انکم ٹیکس ، واٹر ریٹ، تاوان ، سرکاری زرعی اراضی کی الاٹمنٹ ،سرکاری دکانوں اور کمرشل پلازوں کی نیلامی، مواضع جات کی ڈیجیٹلائزیشن ،پلس پراجیکٹ، زیر التوا انتقالات بارے پیشرفت، کھیوٹ ایشوز ،ای رجسٹریشن سنٹرز کی پرفارمنس ،ڈیجیٹل گردآوری ، دیہی مراکز مال اور ریونیو عدالتوں میں زیر سماعت میں کیسز سمیت دیگر ایجنڈا اٹیمز بارے تفصیلی بریفنگ دی۔