مہمند ڈیم کی تعمیر میں اہم پیش رفت، چند روز میں دریا کا رُخ موڑ دیا جائیگا
مہمند ایجنسی: (دنیا نیوز) مہمند ڈیم کی تعمیر میں اہم پیش رفت سامنے آگئی جس کے مطابق مہمند ڈیم پراجیکٹ پر دریا کا رُخ اگلے چند روز میں موڑ دیا جائے گا۔
مہمند ڈیم پراجیکٹ کی ڈائی ورشن ٹنلز مکمل ہوچکی ہیں، دریا کا بہاؤ روکنے کیلئے بند کی تعمیر بھی چندروز میں مکمل ہو جائے گی، ڈائی ورشن ٹنل سسٹم سمیت تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کیلئے چیئرمین واپڈا نے بھی پراجیکٹ کی مختلف سائٹس کا دورہ کیا اور تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔
چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی کو بریفنگ دی گئی کہ ڈائی ورشن ٹنل3/1 کی کنکریٹ لائننگ مکمل ہوچکی ہے، ٹنل کا ان لیٹ سٹرکچر بھی ریور ڈائی ورشن کیلئے تیار ہے۔
بریفنگ میں چیئرمین واپڈا کو بتایا گیا کہ مین ڈیم کی تعمیر کیلئے مٹیریل کے نمونے مطلوبہ ٹیسٹنگ کیلئے چین بھجوائے جا چکے ہیں، اس موقع پر چیئرمین واپڈا نے پراجیکٹ آفس میں جائزہ اجلاس کی بھی صدارت کی۔
اجلاس میں ریور ڈائی ورشن پلان، ڈیم مٹیریل اور مین ڈیم کے تعمیراتی شیڈول پر بات چیت کی گئی، چیئرمین واپڈا سجاد غنی نے ہدایت کی کہ مہمند ڈیم پراجیکٹ کیلئے مقررہ تعمیراتی معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
واضح رہے کہ مہمند ڈیم ساخت کے اعتبار سے دنیا کا پانچواں اور پاکستان کا پہلا بلند ترین سی ایف آر ڈی ڈیم ہے، پراجیکٹ کی تکمیل 27-2026 میں شیڈول ہے، مہمند ڈیم 1.29 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرے گا، مہمند ڈیم سے 800 میگاواٹ سستی پن بجلی بھی حاصل ہوگی۔