ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں معمولی کمی
اسلام آباد: (دنیا نیوز) ادارہ شماریات کے مطابق ماہانہ کے بعد ہفتہ وار بنیادوں پر بھی مہنگائی کی شرح میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات کی ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی سے متعلق رپورٹ جاری ہو گئی جس کے مطابق ماہ دسمبر کے پہلے ہفتے میں مہنگائی کی شرح 0 اعشاریہ 34 فیصد گر گئی، ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی سالانہ شرح 3 اعشاریہ 57 فیصد پر آگئی۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 18 اشیاء مہنگی 10 کی قیمتوں میں کمی ہوئی، حالیہ ہفتے کے دوران لہسن فی کلو 12 روپے 39 پیسے مہنگا ہوا، ایک ہفتے میں ویجی ٹیبل گھی کا اڑھائی کلو ٹن 23 روپے 75 پیسے مہنگا ہوا۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران آلو فی کلو 1 روپے 96 پیسے مہنگے ہوئے، ایک ہفتے کے دوران پیاز فی کلو 1 روپے 65 پیسے فی کلو مہنگے ہوئے، پٹرولیم مصنوعات، جلانے کی لکڑی، کیلے بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران ٹماٹر فی کلو 39 روپے 81 پیسے سستے ہوئے، ایک ہفتے میں چکن فی کلو 35 روپے 40 پیسے تک سستا ہوا۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران دال ماش فی کلو 7 روپے 95 پیسے سستی ہوئی، بریڈ، مٹن، چائے کی پتی سمیت 23 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔