اسلام آباد میں 'نشہ! اب نہیں' تحریک جاری، مجموعی طور پر 558 منشیات فروش گرفتار

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منشیات فروشوں کیخلاف پولیس کی "نشہ! اب نہیں" تحریک جاری ہے، اس دوران 558 منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا جبکہ مختلف تھانوں میں 540 مقدمات بھی درج کیے ہیں، ملزمان کے قبضہ سے 100 کلو گرام چرس،161 کلو گرام ہیروئن اور 19 کلو گرام سے زائد آئس برآمد ہوئی۔

آئی جی اسلام آباد نے منشیات کے عالمی دن پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ پولیس نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے محفوظ بنانے کیلئے بھرپور تحریک چلا رہی ہے، آئیں آگے بڑھیں، اپنی پولیس کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہو کر نشے کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں، اسلام آباد پولیس سمیت مختلف قانون نافذ کرنے والے ادارے منشیات کیخلاف فعال ہیں۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ تعلیمی ادارے زیر تعلیم طلباء کو نشے کی لعنت سے محفوظ بنانے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں، تعلیمی اداروں کے سربراہان منشیات سے نوجوان طلباء کو محفوظ بنانے کیلئے مختلف ریفریشر کورسز اور آگاہی مہم کا انعقاد کریں، تحریک کا مقصد نوجوان نسل میں اس کے خطرات کے متعلق شعور پیدا کرنا ہے۔

آئی جی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ پولیس منشیات کے خاتمہ کیلئے منشیات فروشوں کے نیٹ ورکس کو توڑے گی، کسی بھی شرپسند عناصر کو نوجوان نسل کی زندگیوں کو تباہ کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، گھناؤنے اور مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں