بالی وڈ کے معروف ستاروں کو گٹکے کے اشتہار میں کام کرنا مہنگا پڑگیا
ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ کے سپر سٹارز شاہ رخ خان، اکشے کمار اور اجے دیوگن کو گٹکے کے اشتہار میں کام کرنے پر نوٹس جاری کردیے گئے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بھارتی حکومت کی جانب سے شاہ رخ خان، اجے دیوگن اور اکشے کمار کو گٹکے کے اشتہار میں کام کرنے کے خلاف دائر درخواست پر نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔
بھارتی حکومت نے توہین عدالت کی درخواست کا جواب دیتے ہوئے الہٰ آباد کورٹ کے لکھنؤ بینچ کو بتایا ہے کہ گٹکے کے اشتہار میں کام کرنے پر اکشے کمار، شاہ رخ خان اور اجے دیوگن کو نوٹس جاری کردیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ گٹکا کمپنیوں کی تشہیر کرنے پر ان ہائی پروفائل ایوارڈ یافتہ اداکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
سماعت کے دوران حکومتی وکیل نے عدالت سے درخواست کی کہ یہ معاملہ سپریم کورٹ میں بھی زیرِ سماعت ہے اور ان اداکاروں کو پہلے ہی گٹکے کے اشتہار میں کام کرنے پر شوکاز نوٹس جاری ہو چکے ہیں لہٰذا یہ عدالت درخواست خارج کر دے۔
تاہم الٰہ آباد کورٹ کے بینچ نے کیس کی سماعت 9 مئی 2024 کو مقرر کر دی ہے۔