ملک بھر میں 8 محرم الحرام کے جلوس اور مجالس، سکیورٹی ہائی الرٹ

لاہور، اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی یاد میں 8 محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس عزا کا اہتمام عقیدت و احترام کے ساتھ کیا جا رہا ہے۔

مختلف شہروں میں 8 محرم الحرام کی مناسبت سے ہونے والے جلوسوں اور مجالس کے موقع پر پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

لاہور

لاہور میں 8 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ دربارِ حسین اندرونِ موری گیٹ سے برآمد ہو کر مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا شام کو امام بارگاہ بیت الرضا پرانی انار کلی پہنچے گا۔

ترجمان لاہور پولیس کے مطابق شہرمیں 8 محرم الحرام کی مناسبت سے 425 مجالس اور 87 عزاداری جلوس برآمد ہو رہے ہیں، مجالس و جلوسوں کی سکیورٹی پر 5 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات ہیں۔

کراچی
کراچی میں 8 محرم الحرام کا جلوس آج دوپہر ڈیڑھ بجے نشتر پارک سے برآمد ہوگا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیان امام بارگاہ کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

جلوس کے روٹ کے اطراف علاقوں کو کنٹینر رکھ کر بند کر دیا گیا جبکہ جلوس کے روٹ پر پولیس اور رینجرز اہلکار تعینات ہوں گے، جلوس کی کمانڈ اینڈ کنٹرول روم میں سی سی ٹی وی کی مدد سے نگرانی کی جائے گی۔

پشاور اور دیگر شہروں میں جلوس اور مجالس
دوسری جانب پشاور میں 8 محرم الحرام کا جلوس امام بارگاہ نجف علی شاہ کوچی بازار سے برآمد ہوگا۔

جلوس کے داخلی راستوں پر پولیس کی ناکہ بندی، بازار اور دکانیں بند کر دی گئی ہیں، شہر کی 62 امام بارگاہوں میں 116 جلوس اور 316 مجالس کا انعقاد کیا جائے گا۔

ضلع وہاڑی میں 8 محرم الحرام کی مناسبت سے 59 مجالس اور 28 روایتی و لائسنسی جلوس برآمد ہوں گے، محرم الحرام کے دوران 2334 پولیس افسران و جوان سکیورٹی ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔

ڈی پی او وہاڑی کے مطابق محرم الحرام کے دوران 900 تربیت یافتہ والنٹیئرز بھی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے، ڈیوٹی کی مانیٹرنگ کے لئے 7ویجیلنس اور 3 سرویلنس ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں