بنگلہ دیش مظاہرے: بھارتی وزیراعلیٰ کی متاثرین کو پناہ کی پیشکش

کلکتہ: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بنگلادیش میں ہنگاموں سے متاثر ہونے والے شہریوں کو پناہ دینے کی پیشکش کی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ اعلان ممتا بنرجی نے اپنی پارٹی کی یوم شہدا‘ ریلی کے موقع پر کیا، انہوں نے کہا کہ بنگلا دیش خودمختار ملک ہے اور مجھے ان کے داخلی معاملات میں بات نہیں کرنا چاہیے لیکن میں اتنا ضرور کہنا چاہوں گی کہ اگر بے بس بنگلادیشی شہری ہمارے دروازے پر دستک دیتے ہیں تو ہم انہیں ضرور پناہ دیں گے۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے اقوام متحدہ کی ایک قرارداد کا حوالہ بھی دیا جس میں بحران کے شکار کسی دوسرے ملک کے شہریوں کو پناہ گزین کی حیثیت سے رہائش دینے کا کہا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے مزید کہا کہ مغربی بنگال نے ہمیشہ سے پڑوسیوں کے بے بس لوگوں کی مدد کی ہے جس کی ایک مثال حال ہی میں پڑوسی ریاست آسام میں ہونے والے نسلی تنازع ہے جس کے دوران سیکڑوں لوگوں کو ہم نے پناہ دی تھی۔

قبل ازیں ممتا بنرجی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ میں لکھا تھا کہ سیکڑوں طلبا بنگلا دیش سے مغربی بنگال آ رہے ہیں، ہم ان کی ہر ممکن مدد کریں گے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں