پاکستان کے سیاسی معاملات میں کوئی پوزیشن نہیں لیتے: امریکی محکمہ خارجہ

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا کی جانب سے ایک مرتبہ پھر پاکستان میں تمام سیاسی پارٹیوں کے ساتھ برابری کی بنیاد پر رویہ اپنانے کا مطالبہ کر دیا گیا۔

واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ پاکستان کے اندرونی سیاسی معاملات میں امریکا کوئی پوزیشن نہیں لیتا، ہم غیرجانبدار ہیں۔

میتھیو ملر نے کہا کہ ہم جمہوریت اور انسانی حقوق کے احترام پر زور دیتے ہیں، تمام سیاسی پارٹیوں کے ساتھ برابری کی بنیاد پر رویہ اپنانا چاہیے، بائیڈن انتظامیہ نے کانگریس سے پاکستان کی امداد کی سفارش کی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی ایوان نمائندگان کی کمیٹی میں پیشی کے موقع پر ڈونلڈ لو نے کہا تھا کہ امریکی صدر جوبائیڈن کی طرف سے 10 کروڑ 10 لاکھ ڈالر پاکستان کیلئے امداد کی درخواست کی گئی ہے۔

انہوں نے کمیٹی کو مزید بتایا تھا کہ امدادی رقم پاکستان کو دہشتگردی کیخلاف جنگ، اقتصادی اصلاحات اور قرض میں مدد کیلئے دی جائے گی، رقم سے پاکستان کو اپنی معیشت کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں