پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کی ارکان اسمبلی کیساتھ پولیس کے رویئے کی مذمت
لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کی جانب سے ارکان اسمبلی کے ساتھ پولیس کے رویئے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔
پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کی، اجلاس میں پارلیمانی لیڈر زرتاج گل، چیف وہیپ ملک عامر ڈوگر، شاندانہ گلزار، جنید اکبر اور علی محمد خان ودیگر شریک ہوئے۔
اجلاس میں رکن قومی اسمبلی حاجی امتیاز کی گمشدگی پر تشویش کا اظہار کیا گیا، پارلیمانی کمیٹی میں ارکان اسمبلی کے ساتھ پولیس کے رویئے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔
پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں علامتی بھوک ہڑتال کیمپ کے ذریعے بانی پی ٹی آئی عمران خان و دیگر اسیران کی رہائی کیلئے بھرپور آواز اٹھائی گئی جبکہ صوابی میں کامیاب جلسہ پر صوبائی قیادت کو مبارکباد بھی پیش کی گئی۔
پی ٹی آئی کی پارلیمانی کمیٹی نے ارشد ندیم کو جیولن تھرو مقابلے میں گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد بھی پیش کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر و سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب کا کہنا تھا کہ پوری قوم کو ارشد ندیم پر فخر ہے، ارشد ندیم نے جیولن تھرو کے فائنل میں گولڈ میڈل جیت کر ملک و قوم کا نام روشن کیا۔