بلوچستان میں دہشتگرانہ حملوں کا بھرپور جواب دیں گے: محسن نقوی

لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردانہ حملوں کا بھرپور طریقے سے جواب دیں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ہونے والے حملے میں ہمارے 14 جوان شہید ہوئے ہیں، ہم نے 21 دہشت گرد مارے ہیں، بلوچستان حکومت کےساتھ رابطے میں ہیں، دہشت گردوں کا پورا بندوبست ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردانہ حملوں کا بھرپورطریقےسےجواب دیں گے، دہشت گردوں کےعزائم کچھ اور تھے، ہماری فورسزنےان کےعزائم کو ناکام بنایا ہے، یہ حملےایک دم نہیں باقاعدہ پلاننگ کےتحت ہوئے، دہشت گردوں کا بندوبست کریں گے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ حملہ کرنے والا کوئی بھی ہو وہ دہشت گرد ہے، ہمارے کسی انٹیلی جنس ادارے کی کوئی ناکامی نہیں ہے، دہشت گردی کا مسئلہ ہے، دہشت گردی میں تحریک طالبان ملوث ہے، جوبھی حملوں کوسپورٹ کررہا ہے وہ دہشت گرد ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان ٹھیک کہتے ہیں یہ ناراض نہیں دہشت گرد ہیں، اب کوئی صورت نہیں کہ ہم دہشت گردوں کوناراض بلوچ کہیں، جو لوگ ناراض ہیں ان کومنائیں گے لیکن دہشت گردوں سےکوئی بات نہیں ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں