نواز شریف بھی سمجھ گیا بحرانوں کا حل نکالنے کیلئے مل بیٹھنا ہوگا: محمود اچکزئی
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ نواز شریف شہباز شریف کا بڑا بھائی ہے وہ بھی سمجھ گیا ہے کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے مل بیٹھنا ہوگا۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ سیکڑوں اور ہزاروں کی تعداد میں ورکرز آج نکلے ہیں، جب ملک کے حالات خراب ہوں تو سب کو نکلنا ہوتا ہے، پاکستان کے حالات اس وقت بد سے بدترین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہر وہ شہری چاہے وہ جج ہے یا جرنیل ملک سے محبت رکھتا ہے، سب چاہتے ہیں یہ ملک بحرانوں سے باہر نکلے، 8 ستمبر کے جلسے میں ہزاروں لاکھوں لوگ جمع ہونگے، جلسے کا مقصد کسی کو برا بھلا کہنا نہیں ہے، آئین کی بالادستی ہے۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ چاہتے ہیں لوگوں کو روزی روٹی ملے، صبح یہاں میلہ لگے گا، دعا کریں یہ میلہ پاکستان کی بقا کیلئے ہو۔
پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ بغیر انصاف کے دنیا کا کوئی نظام نہیں چل سکتا، بانی پی ٹی آئی نے اگر غلط کام کیا تو یہ لوگ وہ کیوں دہرا رہے ہیں؟ ہمارے لئے امتحان ہے کہ کیسے ملک کو بچا سکتے ہیں۔