تعلیم اور خواندگی ہمارے ملک کے مستقبل کی ضمانت ہیں: صدرمملکت اور وزیراعظم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت اور وزیراعظم پاکستان نے کہا ہے کہ تعلیم اور خواندگی ہمارے ملک کے مستقبل کی ضمانت ہیں۔

خواندگی کے عالمی دن کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ قوموں کا مقدر بدلنے میں تعلیم اور خواندگی کا اہم کردار ہے، تعلیم اور خواندگی ہماری قوم کے مستقبل کی بنیاد ہیں، آئین کے آرٹیکل 25 اے کے مطابق تعلیم ہر انسان کا بنیادی حق ہے، آج ہم ہر شہری کو تعلیم فراہم کرنے کے عہد کی تجدید کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ناخواندگی کے مسئلے کے پیشِ نظر قومی تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کیا، تعلیمی ایمرجنسی کا مقصد سکول نہ جانے والے بچوں کو سکولوں میں داخل کرنا اور 7 کروڑ بالغ افراد کو تعلیم دینا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر خواندہ شہری سے اپیل ہے کہ وہ کم از کم ایک ناخواندہ شخص کو تعلیم دے، خواندگی میں اضافے کیلئے بینظیر تعلیمی وظائف دیئے جا رہے ہیں، مستحق بچوں کو اعلیٰ ثانوی سطح تک تعلیمی وظائف کی صورت میں مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ تمام اضلاع میں لڑکوں کیلئے 4000 اور لڑکیوں کیلئے 4500 روپے تک فی سہ ماہی وظیفے دیئے جا رہے ہیں، اس وقت 97 لاکھ بچے بینظیر تعلیمی وظائف پروگرام سے مستفید ہو رہے ہیں۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھاکہ کم آمدنی والے خاندانوں کے طلبہ کو 102,000 انڈر گریجوایٹ سکالرشپس دی گئی ہیں، ہمیں تعلیم کے عالمگیر حق کے فروغ کے قومی مقصد کیلئے خود کو دوبارہ وقف کرنا ہوگا، ملک کے مستقبل کی تشکیل میں ہر فرد کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف
عالمی یوم خواندگی پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ خواندگی ایک بنیادی انسانی اور آئینی حق ہے، تعلیم اور خواندگی ہمارے ملک کے مستقبل کی ضمانت ہیں، خواندگی محض پڑھنے لکھنے کی صلاحیت نہیں ہے، یہ بااختیار بنانے، اقتصادی مواقع اور معاشرے میں فعال شرکت کا ایک گیٹ وے ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم تعلیم کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، ہم ایک زیادہ باخبر اور پائیدار قوم کیلئے کوشاں ہیں، تعلیم ہمارے معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اس مقصد کیلئے ہم نے ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کرتے ہوئے طلبہ کے اندراج کی مہم شروع کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس تیزی سے ابھرتی ہوئی دنیا میں ٹیکنالوجی کے مطابق خواندگی اور مہارتوں کی ترقی ناگزیر ہے، حکومت ایک جامع منصوبہ پر عمل پیرا ہے جس سے ٹیکنالوجی ہمارے تعلیمی نظام میں ضم ہو جائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ آئیے سب کیلئے خواندگی اور تعلیم کو فروغ کیلئے بحیثیت قوم مل کر کام کریں اور اپنے بچوں اور اپنے ملک کا روشن مستقبل بنائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں