عالمی ادارہ صحت غزہ میں انسداد پولیو مہم کی کامیابی کیلئے پر امید
غزہ: (ویب ڈیسک) عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ غزہ میں انسداد پولیو مہم کامیاب رہے گی۔
عالمی ادارہ صحت نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ غزہ میں پولیو کے خلاف جاری مہم اپنے اہداف کو پورا کر سکے گی اور 10 سال تک کی عمر کے 90 فیصد سے زیادہ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا سکیں گے۔
غزہ میں جاری اسرائیلی جنگ کی وجہ سے ملبہ بنے گھروں کے بعد بے گھر فلسطینی پناہ گزین کیمپوں میں موجود ہیں، 25 سال بعد غزہ کے 10 ماہ کے فلسطینی بچے میں پولیو کا کیس سامنے آیا تھا جس کے بعد پولیو مہم کا آغاز کیا گیا۔
عالمی ادارہ صحت کے ترجمان ریک پیپرکورن نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا ہمیں یقین ہے کہ ہم پولیو مہم کے ہدف تک پہنچ گئے ہیں۔
خیال رہے پولیو مہم کے دوران 6 لاکھ 40 ہزار فلسطینی بچوں کو پولیو ویکسینیشن کا ہدف طے کیا گیا تھا، بدھ کے روز تک 552451 بچوں کو پولیو ویکسینیشن دی جا چکی تھی۔