سمندری طوفان ’یاگی‘ نے تھائی لینڈ و میانمار کا رُخ کرلیا، 25 افراد ہلاک
بینکاک : (ویب ڈیسک) ایشیا کے رواں سال کے سب سے طاقت ور سمندری طوفان ’یاگی‘ نے چین، فلپائن اور ویتنام کے بعد اب تھائی لینڈ، لاؤس اور میانمار کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
سمندری طوفان یاگی سے جنوب مشرقی ایشیاء میں شدید بارشیں، خطرناک لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے پورے خطے میں لاکھوں افراد متاثر ہیں، میانمار میں سیلاب سے 19 اور تھائی لینڈ میں 6 افراد ہلاک جبکہ ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ہزاروں افراد کے گھر سیلاب میں بہہ گئے جس کے سبب لوگ اسکول کی عمارتوں میں پناہ لینے پر مجبور ہو گئے جبکہ لاکھوں لوگ بجلی سے محروم ہیں، طوفان نے انفرااسٹرکچر بھی تباہ کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ سمندری طوفان یاگی رواں ہفتے کے آغاز میں ویتنام سے ٹکرایا تھا جس سے 230 افراد جبکہ اس سے قبل چین اور فلپائن میں 24 افراد ہلاک ہوئے تھے۔