حسن نصر اللہ کو خفیہ مقام پر عارضی دفن کر دیا: میڈیا رپورٹ، خبر بے بنیاد ہیں: حزب اللہ
بیروت: (دنیا نیوز) عرب میڈیا کے مطابق حسن نصر اللہ کی خفیہ مقام پر تدفین کردی گئی ہے۔
حزب اللہ کے ذرائع نے بتایا کہ حسن نصر اللہ کو عارضی طور پر خفیہ مقام پر سپردِ خاک کرنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، اس حوالے سے کوئی فیصلہ ابھی تک نہیں کیا گیا۔
اس سے قبل خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق حزب اللہ رہنما کی ہلاکت کے بعد گروپ کے قریبی ذرائع نے کہا کہ حسن نصراللہ کو عارضی طور پر دفن کر دیا گیا ہے جب حالات عوامی طور پر جنازے کی اجازت نہیں دے رہے تھے۔
ذرائع نے کہا کہ سوگواران اور ان کی تدفین کی جگہ کو نشانہ بنانے کی اسرائیلی دھمکیوں کے خوف سے ایک بڑے عوامی جنازے کا انعقاد ناممکن تھا، اگر حالات مناسب جنازہ کے لیے سازگار نہ ہوں یا میت کو جہاں چاہیں دفن نہ کر سکیں تو ایسی صورت میں شیعہ مسلم رسومات میں عارضی تدفین کی اجازت ہے۔
ایک لبنانی اہلکار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ حزب اللہ نے لبنان کے اعلیٰ حکام کے ذریعے اسرائیل کے اہم اتحادی امریکہ سے ضمانت حاصل کرنے کی کوشش کی کہ اسرائیل کسی عوامی جنازے کو نشانہ نہیں بنائے گا لیکن وہ ناکام رہے۔
واضح رہے کہ حزب اللہ پر اسرائیلی بمباری میں شدت کے درمیان 27 ستمبر کو گروپ کے جنوبی بیروت کے مضبوط مرکز پر ایک بڑا حملہ کیا گیا جس میں نصر اللہ ایرانی پاسداران انقلاب کے ایک جنرل کے ہمراہ جاں بحق ہو گئے تھے۔