سعودی بزنس سمٹ، ایس سی او اجلاس ملک کیلئے خوش آئند ہیں: جام کمال
اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے کہا ہے کہ سعودی بزنس سمٹ اور ایس سی او اجلاس ملک کے لیے خوش آئند ہیں۔
اسلام آباد میں اپنے ایک بیان میں جام کمال کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت مثبت سمت کی جانب گامزن ہے، شرح سود اور مہنگائی میں نمایاں کمی ہو رہی ہے ، زرمبادلہ میں استحکام، سٹاک ایکسچینج کی کارکردگی بہتر ہوئی جبکہ برآمدات میں پچھلے سال کی نسبت بہتری آئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ آذربائیجان کے صدر اور ملائیشیا کے وزیراعظم کا دورہ جبکہ سعودی بزنس سمٹ اور ایس سی او اجلاس ملک کے لیے خوش آئند ہے، غیر ملکی سرمایہ کاروں کی یقین دہانیاں اور وفود کا مسلسل پاکستان آنے کا سلسلہ جاری ہے۔
جام کمال خان کا کہنا تھا کہ اداروں کی نجکاری، ایف بی آر اصلاحات، چھوٹے کاروبار کی بہتری اور ایگزیم بینک کا قیام یہ سب معیشت کی مضبوطی کی طرف گامزن ہونے کی علامات ہیں، ملک میں عالمی نمائشوں میں تاریخی غیر ملکی افراد کی شرکت حکومت کی کارکردگی اور اس پر اعتماد کا ثبوت ہے، توانائی کے مسائل بھی جلد حل کیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر تجارت کا آخر میں تحریک انصاف پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے کہنا تھا کہ پی ٹی آئی جس روش پر چل رہی وہ انتہائی غلط ہے ،جس کی جتنی مذمت کی جائے اتنی کم ہے۔