ایم کیوایم کا پہلی بار پورے ملک کیلئے مفت ای کامرس کورسز کا آغاز
کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیوایم کی جانب سے نوجوانوں کے لیے بڑا اقدام، ایم کیوایم نے پہلی بار پورے ملک کے لیے مفت ای کامرس کورسز کا آغاز کر دیا۔
ایم کیو ایم کی جانب سے نیکسٹ جنریشن سمٹ 2024 کا انعقاد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ بے روزگارنوجوانوں کے لیے سو سے زائد چھوٹے کاروباری آئیڈیاز اور ان میں مدد کا پروگرام بھی شروع کر دیا گیا ہے، اے آئی سمیت دیگرجدید ٹیکنالوجی کورسز میں معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ 11 اکتوبر کو ایم کیو ایم حیدرآباد میں نوجوانوں کیلئے دوسرا یوتھ کنونشن بھی منعقد کرنے جا رہی ہے، آج پاکستان کو بنانا اور بچانا ہے، کراچی کو ملائے بغیر یہ ممکن نہیں ، انشاء اللہ جلد پورا ملک اپنے پیروں پر کھڑا ہوگا، ایک سال میں دیکھیں گے کہ ایم کیو ایم کا 80 فیصد سٹرکچر نوجوانوں پر مشتمل ہوگا۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ 50 فیصد سے زیادہ اگلے انتخابات میں ہمارے نمائندے 30 سال کے نوجوان ہوں گے، ناممکن کا لفظ ایم کیو ایم کی لغت میں نہیں، یہ نوجوانوں کے لیے ایک گیم چینجر ہے، یہ خواب ہمارے آباؤ اجداد نے دیکھا تھا اور اس کی تکمیل کے لیے ہم کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں مفادات کی سیاست ہو رہی ہے، سب نوجوانوں کو مایوسی سے نکال کر امید کی طرف لے کر آنا ہے، ملک میں بے روزگاری، غربت، کرپشن سے عوام پریشان ہے، ایم کیو ایم کا یہ پروگرام امید کی پہلی کرن اور گیم چینجر ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ آج کے سیاسی دور میں جلسے جلوس، تماشے بہت ہیں، ایم کیو ایم ذمہ دار جماعت ہے اور سیاست برائے خدمت پر یقین رکھتی ہے، کراچی پاکستان کا ریونیو انجن ہے، کراچی سینٹرل ایشیا اور پاکستان کا گیٹ وے ہے۔
مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ ہم نے ملک کے مسائل کا آؤٹ آف باکس حل دیا، ہم نے کوٹہ سسٹم کے خلاف اپنی تحریک اور سیاست کا آغاز کیا، اس کے خلاف کب تک احتجاج کریں، جس کے پاس اکثریت ہے وہ ظلم جاری رکھے ہوئے ہے۔